
جھیل ڈل میں کشتی الٹنے کا واقعہ، ایک شخص لاپتہ، ریسکیو آپریشن جاری
سری نگر،2مئی
شہرہ آفاق جھیل ڈل میں جمعے کی سہ پہر تیز ہواؤں کے دوران ایک کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو افراد پانی میں ڈوب گئے۔ ان میں سے ایک کو بچا لیا گیا ہے جبکہ دوسرا شخص اب بھی لاپتہ ہے اور اس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ ڈل جھیل کے ڈک پارک کے نزدیک اس وقت پیش آیا جب دو افراد کشتی میں موجود تھے اور اچانک تیز ہواؤں کے سبب کشتی الٹ گئی۔
عین شاہدین نے بتایا کہ تیز ہوا کے جھونکوں سے کشتی عدم توازن کا شکار ہوئی جس کے بعد دونوں افراد پانی میں کود گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے ایک شخص، عبدالمجید کھوسہ ولد محمد سلطان کھوسہ ساکن رعناواری، سری نگر کو محفوظ بچا لیا ہے۔ جبکہ دوسرے شخص کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔
ایس ڈی آر ایف کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہیڈکوارٹر کو مطلع کیے جانے کے بعد اضافی غوطہ خور ٹیمیں اور کشتیاں موقع پر روانہ کی گئی ہیں تاکہ لاپتہ شخص کی تلاش کی جا سکے۔
یاد رہے کہ سری نگر میں جمعے کو تیز آندھی اور خراب موسم کے باعث کئی مقامات پر نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
Comments are closed.