کشمیرمیں تیز آندھی سے خوف وہراس، آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق، نالہ لدر میں کمسن لڑکا ڈوب گیا

سری نگر،2مئی

وادی کشمیر میں جمعے کو اچانک آئی تیز آندھی اور شدید موسمی تبدیلی کے باعث کئی علاقوں میں درخت جڑ سے اکھڑ گئے، جبکہ کولگام میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور پہلگام میں نالہ لدر میں ایک کمسن لڑکا ڈوب گیا۔
اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق جمعے کی سہ پہر وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں تیز آندھی چلنے سے خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سری نگر کے ایس کے آئی سی سی کے نزدیک ایک بھاری بھرکم درخت گرنے سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ضلع کولگام کے چانسر گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک مقامی شہری جس کی شناخت طاریق احمد پڈر ولد محمد شعبان کے بطور ہوئی ہے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ادھر پہلگام میں ایک کمسن لڑکا، پیر پھسل جانے کے نتیجے میں نالہ لدر میں ڈوب گیا۔ ایس ڈی آر ایف، مقامی رضاکاروں اور پولیس نے فوری ریسکیو کارروائی شروع کی، تاہم لڑکے کو بچایا نہ جا سکا۔ اس واقعے سے علاقے میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
ایس ڈی آر ایف کے ایک عہدیدار کے مطابق کمسن لڑکے کو تلاش کرنے کی خاطر نالہ لدر میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
دریں اثنا جھیل ڈل میں شدید ہوا کے سبب ایک کشتی الٹ گئی، جس میں سوار چار افراد معجزاتی طور پر بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

Comments are closed.