پلوامہ میں نوجوانوں کے خلاف شبانہ کریک دائون چھاپے
چھاپوں کے دوران 13نوجوانوں گرفتار ، لوگوں میں شدید غم و غصہ
سرینگر /11مارچ: جنوبی ضلع پلوا مہ میں نوجوانوں کے خلاف شبانہ کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے پولیس و فورسز نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو ضلع کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں عمل میں لاکر 13نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار نوجوانوں کو جلد از جلد رہا کیا جائے ۔ سی این آئی کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پلوامہ کے دیہات میں نوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے مزید 13نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بدھ اور منگل کی درمیانی رات کو پولیس و فورسز نے مشترکہ طور پر سرنو ، منگہمامہ اور کریم آباد علاقوں میں چھاپے ڈالیں جس دوران نوجوانوں کو گرفتار کیاگیا ۔ سرنو کے ایک مقامی شہری نے بتایا کہ گاوں میں چھاپے کے دوران فورسز نے کم از کم چھ نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔جبکہ اسی طرح سے کریم آباد اور منگہامہ علاقوں میں بھی چھاپوں کے دوران نصف درجن نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا اور کل مل کر 13نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام نوجوان سنگبازی کیسوں میں پولیس کو مطلوب تھے جس کے بعد ہی ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بگاڑنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی اس میں ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی ۔ ادھر نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف مقا می آبادی میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ رہی ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار کئے گئے تمام نوجوانوں کی جلد از جلد رہائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔
Comments are closed.