ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے جے پور میں کشمیریوں کا احتجاج
کنن کپوارہ میں ، صف ماتم ، نعش آبائی علاقہ پہنچانے کیلئے مفلوک الحال کنبہ کیلئے رقم نہیں
سرینگر/07فروری/: جے پور میں کیٹرنگ کا کام کرنے والے ایک کشمیری نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیاگیا ہے جس کیخلاف نوجوان کے ساتھیوںنے جے پورمیں ہی احتجاج کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیا ہے ۔ ادھر کپوارہ کے نوان کو بے دردی سے قتل کئے جانے کے خلاف نوجوان کے آبائی علاقہ میں سخت غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے تاہم مہلوک نوجوان کا کنبہ انتہائی مفلوک الحال ہونے کے نتیجے میں نعش کو واپس آبائی علاقہ لانے کیلئے مالی طاقت نہیں رکھتا ۔ ادھر جے پور پولیس نے معاملے کے حوالے سے کیس درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کی ہے تاہم ابھی تک کسی کے بھی گرفتار ی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ کرنٹ نیوز آ ف انڈیا کے مطابق جے پور میں ایک کشمیر ی نوجوان جس کا تعلق سرحدی ضلع کپوارہ کے کنن علاقے سے بتایا جارہا ہے کو کچھ غنڈوں نے پیٹ پیٹ کر قتل کرڈالا ۔ باسط نامی نوجوان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ جے پورمیں دیگر کشمیریوں کے ساتھ کام کرتاہے اور اپنے کنبے کا واحد کمائو تھا جس کے گھروالوںنے امید لگائی تھی کہ باسط کچھ کماکر مفلوک الحال کنبہ کچھ معالی مدد کرسکے گا تاہم ان کی امیدوں پر اُس وقت پانی پھر گیا جب جمعہ کی صبح انہیں اس بات کی خبر دی گئی کہ باسط کو چند غنڈوں نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا ۔ باسط کے قتل ہونے کی خبر پھیلتے ہی کنن کے علاوہ پورے ترہگام کپوارہ میں غم واندوہ کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں میں اس قتل کے خلاف سخت غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔ باسط کے ساتھیوں کے مطابق چند غنڈوںنے جمعرات کی شب دیر گئے جب وہ کام سے واپس آرہا تھا کہ راستے میں غنڈوں نے ڈنڈوں اور لاٹھیوںسے پیٹ لیا جس کی وجہ سے اس کی حالت انتہائی خراب ہوئی اور اس کی فوری طور پر ہسپتال پہنچایاگیا ۔ سر پر اندرونی چوٹیں آنے کے نتیجے میں باسط اُلٹیاں کرنے لگا جو ہسپتال میں بھی جاری رہیں تاہم ڈاکٹروں نے باسط کی الٹیوں کو نظر انداز کرکے اس طرف دھیان نہ دیکر معمولی دوائی دی لیکن باسط کی حالت بدستور بگڑتی گئی اور باالآخر اس کی موت واقع ہوئی ۔ باسط کے ساتھیوں کے مطابق اس کے مرنے کے بعد ڈاکٹروں نے اس کے سر کا سٹی سکین کرایا جس سے یہ پتہ چلاکہ باسط کے سرمیں کافی اندرونی چوٹ آئی تھی جس کی وجہ سے اس کی موت ہوئی۔ اس قتل ناحق کے خلاف باسط کے ساتھیوں نے جے پور میں ہی سخت احتجاج کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث غنڈوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہرواڑہ پولیس جے پور میں اس ضمن میں کیس درج کرلیا گیا ہے اور قاتلوں کو پکڑنے کیلئے سی سی ٹی وی فٹیج اور دیگر شواہد کو حاصل کرنے کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ ادھر ضلع کپوارہ کے کنن علاقے میں لوگوںنے اس قتل کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارت کے کسی بھی شہر میں محفوظ نہیں ہے اور آئے روز کسی نہ کسی بہانے سے کشمیروں کو تنگ و طلب کیا جاتا ہے ۔( سی این آئی )
Comments are closed.