وادی کشمیر میں حالات بہتری کی جانب گامزن، مسائل حل کرنا اولین ترجیحات میں شامل /کور کمانڈ ر ڈھلن

فوج اور عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت


سرینگر30جنوری//یو پی آئی // عوام اور فوج کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے 15کارپس کمانڈر نے کہاکہ اگر چہ مسائل حل کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تاہم فوج کو جہاں بھی لگے کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے تو وہاں پر اُن مشکلات کو حل کرنے کی سعی کی جائے۔ کور کمانڈر کے مطابق وادی کشمیر میں حالات معمول پر آرہے ہیں اور لوگ بھی فوج کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق ڈورو اننت ناگ میں 19آر آر کیمپ میں عوام اور فوج کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کی خاطر ایک میٹنگ کا اہتمام ہوا جس میں مقامی ذی عز ت شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر لفٹنٹ جنرل ڈھلن نے کہاکہ لوگوں کے مسائل اُن کی دہلیزوں پر حل کرنے کی خاطر فوج کی جانب سے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ فوج اور عوام کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کور کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ اگر فوج کی طرف سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے تو اُنہیں حل کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس موقع پر ذی عزت شہریوں نے شاہراﺅں پر نصب کھار دار ہٹانے کا مطالبہ کیا اس پر فوجی کمانڈر نے کہاکہ اگر کسی بھی جگہ لوگوں کو عبور ومرور میں دقتیں پیش آرہی ہیں تو اُس کو دور کیا جائے گا۔ جموںخاص کر وادی کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں فوجی کمانڈر نے کہا کہ کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ فوج کو عوام کی بھر پور حمایت حاصل ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر وادی کے ہر ضلع میں اس طرح کی میٹنگوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے اور جہاں جہاں لوگوں کو مسائل کا سامنا ہے تو اُن مشکلات کا ازالہ کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ فوج اور عوام کے درمیان منعقدہ اس میٹنگ میں مقامی انتظامیہ اور پولیس آفیسران نے بھی شرکت کی۔

Comments are closed.