ویڈیو: شہر سرینگر کے قلب لالچوک میں سی آر پی ایف بینکر پر گرنیڈ حملہ ۔ لالچوک میں افرا تفری :سی آر پی ایف ترجمان

جنگجوؤں نے 132بٹالین سی آر پی ایف بینکر پر گرنیڈ داغا جو نشانہ چوک جانے کے باعث سڑک پر پھٹ گیا

سرینگر؍11 جنوری ؍ جے کے این ایس؍ شہر سرینگر کے قلب لالچوک میں اُس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں نے پلیڈیم سنیما کے نزدیک قائم 132بٹالین سی آر پی ایف بینکر پر گرنیڈ داغا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا ۔ سی آر پی ایف ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گرنیڈ حملے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ادھر پورے شہر میں سیکورٹی کو متحرک کیا گیا ہے جبکہ چپے چپے پر پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
جے کے این ایس کے مطابق جمعہ شام سات بجے کے قریب پلیڈیم سنیما کے نزدیک قائم سی آر پی ایف بینکر پر جنگجوؤں نے گرنیڈ داغا جو نشانہ چوک جانے کے باعث سڑک پر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا۔ نمائندے کے مطابق گرنیڈ حملے کے ساتھ ہی لالچوک اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی اور منتقل ہونے پر مجبور ہوئے۔ نمائندے نے بتایا کہ گرنیڈ حملے کے بعد پولیس اور سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچ گئے اور آس پاس علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد لالچوک اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کے اضافی اہلکاروں کو تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ جے کے این ایس نے اس ضمن میں جب سی آر پی ایف ترجمان سنجے شرما کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ لالچوک میں 132بٹالین سی آر پی ایف بینکر پر گرنیڈ داغا گیا تاہم اس حملے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ سی آر پی ایف ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آس پاس علاقوں میں سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے حملہ آوروں کو تلاش کرنے کیلئے لالچوک ، ریگل چوک، بڈشاہ چوک، ایم اے روڑ اور آس پاس علاقوں میں ناکہ لگائے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔

Comments are closed.