پی ڈی پی بھاجپا اتحاد نے جموں و کشمیر کو شعلوں کی نذر کردیا/ڈاکٹر کمال
ریاست کے اندر اور سرحدوں پر غیر یقینی صورتحال
سرینگر /12مئی /: ریاست کے اندر اور سرحدوں پر غیر یقینی صورتحال کو مرکز و ریاستی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی ڈی پی بھاجپا اتحاد نے جموں و کشمیر کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کردیا ہے ۔ ریاست میں نہ صرف سیاسی و سیکورٹی بحران عروج پر ہے بلکہ امن و قانون کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ ابتر ہوتی جارہی ہے اور فرقہ پرستی کا رجحان بھی مضبوط ہوتا جارہا ہے۔سی این آئی کو موصولہ بیان کے مطابق ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وادی بے چینی کی صورتحال سے دوچار ہے جبکہ خطہ جموں کو فرقہ پرستی کی نذر ہوگیا ہے۔ وادی میں آئے روز انکائونٹروں،کریک ڈائونوں، چھاپہ مار کارروائیوں، توڑ پھوڑ، مارپیٹ ، گرفتاریوں اور نت نئی پابندیاں عائد کرکے غیر یقینی صورتحال کو جان بوجھ کر طول دیا جارہا ہے جبکہ جموں میں فرقہ پرستوں کی پُشت پناہی کرکے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں سرحدوں پر فائربندی کے معاہدے پر عمل آوری کرانے اور اندرونی حالات کو بہتر بنانے میں پوری طرح ناکام ہوگئیں ہیں۔ دونوں حکومتیں صرف بیان بازیوں میں مصروف ہے جبکہ عام آدمی خراب حالات کی چکی میں پِس رہا ہے۔ لوگوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں، مقامی حکومت اپنا اقتدار بچانے کی تگ و دو میں آر ایس ایس کی دھنوں پر ناچ رہی ہے جبکہ مرکزی حکومت کشمیر کے تئیں سخت گیر پالیسی اپنا کر ووٹ بینک سیاست کررہی ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ کل ہی پونچھ میں آر پار گولی باری سے شادی کی تقریب ماتم میں تبدیل ہوگئی جب شادی میں شریک ایک شہری ہلاک ہوگیا۔ ڈاکٹر کمال نے دونوں حکومتوں کو خبردار کیا کہ دھونس و دبائو کی روش کو ترک کرکے افہام و تفہیم کا راستہ اپنایا جائے اور عوامی اُمنگوں اور مطالبات کی قدر کرکے ہر ایک معاملے کو سلجھانے کی پہل کی جائے۔
Comments are closed.