سرینگر جموں شاہراہ پر تازہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک پھر متاثر
جموںسرینگر شاہراہ اتوار کو بھی گنگرو، بانہال کے مقام پر بند رہی، جہاں گزشتہ شام بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سڑک پر بھاری مقدار میں ملبہ جمع ہوگیا تھا۔
انتظامیہ نے شاہراہ کو ٹریفک کیلئے محفوظ بنانے کی غرض سے بحالی اور صفائی کا کام تیز کر دیا ہے۔ نمائندے کے مطابق سنیچروار کی شام دیر گئے گنگرو، بانہال کے علاقے میں اچانک پہاڑی سے بھاری ملبہ شاہراہ پر آ گرا، جس کے باعث شاہراہ مکمل طور پر بند ہوگئی۔ واقعے کے فوراً بعد متعلقہ محکموں نے بھاری مشینری اور عملہ موقع پر روانہ کیا اور ملبہ ہٹانے کا کام مسلسل جاری ہے۔
انہوں نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ سڑک کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن علاقے میں زمین کے غیر مستحکم ہونے کی وجہ سے مزید لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی سے پتھر گرنے کا خطرہ برقرار ہے، جس کے باعث بحالی کے عمل میں احتیاط برتی جا رہی ہے۔نمائندے کے مطابق ٹریفک پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر جموں شاہراہ شاہراہ پر اس وقت تک سفر سے مکمل اجتناب کریں جب تک متعلقہ حکام سڑک کو محفوظ قرار دے کر ٹریفک کی بحالی کا باضابطہ اعلان نہ کریں۔
Comments are closed.