راجوری اور پونچھ میں متاثرین کے لواحقین کیلئے 6لاکھ روپے کے امدادی معاوضے کا اعلان

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں بارش سے متعلقہ واقعات میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو فوری طور پر 6 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بارش سے متعلقہ دیگر واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے جانی نقصان کا ازالہ کبھی بھی کوئی مالی امداد نہیں کر سکتی، اس کے باوجود حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہا، "اگرچہ پونچھ اور راجوری میں کل سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بارش سے متعلق دیگر واقعات کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تلافی کوئی مالی مدد نہیں کر سکتی، تاہم متاثرہ خاندانوں کی اعانت کے لیے مرنے والوں کے خاندانوں کو 6 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا فراہم کی جائے گی۔”اس امدادی پیکج میں اسٹیٹ ڈزاسٹر ریسپانس فنڈ (ایس ڈی آر ایف) سے چار لاکھ روپے اور وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ (سی ایم آر ایف) سے مزید دو لاکھ روپے شامل ہیں۔

یہ اعلان وزیراعلیٰ کی صدارت میں اتوار کی شام منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے ۔ یہ اجلاس راجوری اور پونچھ اضلاع میں اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب اور بارش سے جڑے دیگر حادثات کے بعد طلب کیا گیا تھا، جن میں کئی لوگوں کی جانیں گئیں اور عوامی و نجی جائیدادوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد اور بحالی کو یقینی بنائیں اور اس بات پر زور دیا کہ ان تک تمام ممکنہ مدد بغیر کسی تاخیر کے پہنچنی چاہیے ۔

Comments are closed.