پونچھ ضلع میں تازہ لینڈ سلائیڈنگ :چار خواتین سمیت 7افراد لقمہ اجل

ضلع پونچھ کے لوران ڈملیاں علاقے میں سوموار کے روز شدید بارشوں کے باعث آنے والی تازہ لینڈ سلائیڈنگ نے ایک اور بڑا سانحہ جنم دیا، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر بڑے پیمانے پر بچاﺅ آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق مسلسل موسلا دھار بارش کے دوران اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس سے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی مچی۔

امدادی ٹیموں نے اب تک سات افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ خطرناک صورتحال کے پیش نظر مساجد کے لاوڈڈ اسپیکروں سے اعلانات کیے گئے تاکہ لوگوں کو ممکنہ فلیش فلڈ اور مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے آگاہ کیا جا سکے۔ اعلانات کے بعد بڑی تعداد میں مقامی افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سول انتظامیہ، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور مقامی رضاکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی و بچاو¿ کارروائیاں شروع کر دیں۔ امدادی اہلکار بھاری ملبہ ہٹانے اور متاثرہ افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں، تاہم مسلسل بارش اور خراب موسم کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں نقصان کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے رہائشی علاقوں، رابطہ سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے، تاہم مکمل تفصیلات کا انتظار ہے۔

Comments are closed.