لیفٹنٹ گورنر نے کٹرہ میں اَکشے پاترا کے مرکزی مڈ ڈے میل کچن کا سنگ بنیاد رکھا

جموں/21مئی
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج کٹرہ میں اکشے پاترا کے مرکزی کچن سہولیت کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ سہولیت فعال ہونے کے بعد روزانہ 5000 سکولی بچوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرے گی۔ اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں اکشے پاترا کے مستقبل کے منصوبوں بشمول جموں میں آنے والی کچن سہولیت کے بارے میں بھی بات کی۔

اُنہوںنے کہا، ”میں نے نوجوان نسل کو بااِختیار بنانے کے لئے حکومت اور سماجی تنظیموں کے درمیان مضبوط اشتراک پر زور دیا۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ سکولی بچوں کو متوازن اور غذائیت بخش غذا فراہم ہو۔ ہر بچہ صحت مند خوراک تک رسائی کا حقدار ہے اور ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی بچہ پیچھے نہ رہ جائے۔“

لیفٹیننٹ گورنر نے روزمرہ زِندگی میں ورثے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تین سوالات ’ہم کیا پیدا کر رہے ہیں، ہم کیا محفوظ کر رہے ہیں اور ہم آنے والی نسلوں کو کیا سونپیں گے ‘پر منحصر ہے؟ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اس فہرست میں ایک اور سوال’ ہم اَپنے بچوں کو کیا کھلا رہے ہیں‘ شامل کرنا چاہیے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہماری نوجوان نسل کی غذائیت ہی ہمارے مستقبل کی تشکیل کرے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ بھوکا بچہ تعلیم حاصل نہیں کرسکتا اورایسا سکول جو اَپنے بچوں کو خوراک فراہم نہ کر سکے، وہ مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کئی دہائیوں کی تحقیق اور اس کے نتائج نے ثابت کیا ہے کہ غذائیت اور تعلیم الگ الگ چیزیں نہیں بلکہ اچھی غذائیت ہی تعلیم کی بنیاد ہے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا، ”جو بچے متوازن اور غذائیت سے بھرپور کھانا کھاتے ہیں وہ بہتر توجہ دیتے ہیں، معلومات کو زیادہ مو¿ثر طریقے سے برقرار رکھتے ہیں اور کلاس میں زیادہ سرگرمی سے حصہ لیتے ہیں۔ پروٹین، وٹامنز اور متوازن غذا بچے کی سوچنے اور سمجھنے کی بنیادی توانائی فراہم کرتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ جموں کشمیر کا ہر سکول یاد رکھے جب ہم سکولوں میں غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرتے ہیں تو ہم محض پیٹ نہیں بھر رہے بلکہ ہم مستقبل کی سوچ کو تشکیل دے رہے ہیں۔“

Comments are closed.