بی کے ہارڈویئر کے گودام میں آتشزدگی، کروڑوں کا نقصان؛ کشمیر ٹریڈ الائنس کا اظہارِ یکجہتی
کشمیر ٹریڈ الائنس نے بارہمولہ کے کانل باغ علاقے میں بی کے ہارڈویئر کے گودام میں پیش آئے بھیانک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ تاجر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اس حادثے میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اپنے ایک بیان میں کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے اس حادثے کو انتہائی افسوسناک اور تاجروں کے لیے دردناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ کاروباری ادارے کے مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جائے واردات سے سامنے آنے والی اطلاعات اور مناظر سے تباہی کے بڑے پیمانے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، جہاں گودام میں موجود سینیٹری اور ہارڈویئر کا سامان آگ کی لپیٹ میں آ کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
شہدارنے کہا کہ “یہ واقعہ نہ صرف متاثرہ تاجر اور اس کے خاندان بلکہ پوری تاجر برادری کے لیے شدید صدمے اور دکھ کا باعث ہے۔ برسوں کی محنت سے کھڑا کیا گیا کاروبار چند لمحوں میں تباہ ہو جانا انتہائی تکلیف دہ ہے۔”
کے ٹی اے صدر نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ تاجر کے نقصان کا فوری تخمینہ لگایا جائے اور اسے ہر ممکن امداد اور راحت فراہم کی جائے تاکہ وہ اس سانحے سے ابھر کر دوبارہ اپنا کاروبار بحال کر سکے۔
Comments are closed.