اگنو کا 39واں کانووکیشن سرینگر میں منعقد؛ 344 ڈگریاں تفویض
اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (آئی جی این او یو) نے آج اپنے 39ویں کانووکیشن کا انعقاد ملک بھر کے 51 علاقائی مراکز میں کیا، جبکہ قومی سطح کی تقریب کی صدارت بھارت کے نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے کی۔
جموں و کشمیر کے لیے علاقائی کانووکیشن گورنمنٹ ڈینٹل کالج سرینگر کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر وائس چانسلر سکاسٹ-کشمیر جناب نذیر احمد گنائی اور کمشنر سیکرٹری، حکومت جموں و کشمیر، سوربھ بھگت بھی موجود تھے۔
علاقائی تقریب کے دوران مجموعی طور پر 344 طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جبکہ سرینگر علاقائی مرکز سے کل 10,989 طلبہ نے ڈگریاں حاصل کیں۔
اپنے خطاب میں جناب نذیر احمد گنائی نے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تعلیم تک رسائی بڑھانے میں فاصلاتی تعلیم کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگنو جیسے ادارے جغرافیائی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں اور تعلیمی نظام کے ارتقاءمیں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
جناب سوربھ بھگت نے اپنے خطاب میں بالخصوص دور دراز علاقوں میں تعلیم تک رسائی کو فروغ دینے میں اگنو کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق مجموعی اندراج کی شرح (Gross Enrolment Ratio) کو بہتر بنانے میں فاصلاتی اور آن لائن تعلیم کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانووکیشن طلبہ کی مسلسل محنت اور تعلیمی وابستگی کا مظہر ہوتا ہے۔
اگنو ریجنل سینٹر سرینگر کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اے ایچ رضوی نے بتایا کہ یہ مرکز 1999 سے طلبہ کی خدمت انجام دے رہا ہے اور اس وقت کشمیر اور لداخ میں 29 فعال مطالعاتی مراکز کی نگرانی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال مختلف پروگراموں میں 46,468 طلبہ کا اندراج ہوا۔
ڈاکٹر رضوی نے فارغ التحصیل طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور بدلتے ہوئے عالمی مسابقتی ماحول میں نئے مواقع، بشمول کاروباری سرگرمیوں، کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی ترغیب دی۔ انہوں نے بتایا کہ اگنو کے ملک بھر میں 57 علاقائی مراکز ہیں جو 200 سے زائد مطالعاتی مراکز کی نگرانی کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرینگر کے ریجنل سینٹر کو کشمیر اور لداخ میں اپنے 29 فعال مراکز میں مختلف پروگراموں کے انعقاد کے لیے نوڈل مرکز کی حیثیت حاصل ہے۔
ڈاکٹر رضوی نے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنی مہارتوں میں اضافہ کریں اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
اس کانووکیشن میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور ذرائع ابلاغ کے نمائندگان نے شرکت کی۔
Comments are closed.