دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کی ”تقدیر “بدل گئی / کرن رججو
مرکزی وزیر کرن رججو نے بہار میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ پورے ملک میں ”مودی لہر“ ہے اور ہر جگہ کے لوگ یہ مانتے ہیں کہ ان کی قیادت میں ہندوستان کا مستقبل محفوظ اور روشن ہے۔
کٹرہ جموں میں ایک تقریب کے دوران وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک گیر پروگرام کے ایک حصے کے طور پر نوجوانوں کو ملازمت کے خطوط تقسیم کرنے کے بعد انہوں نے کہا ” میں نے ذاتی طور پر محسوس کیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں اور دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد، جموں و کشمیر کی تقدیر بدل گئی ہے۔
آج جموں و کشمیر امن اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔ “ رججو نے کہا ” دنیا کشمیر کو دیکھنا چاہتی ہے ، یہ بہت خوبصورت جگہ ہے اور جب یہاں امن اور ترقی دونوں ہوں گے تو یہ اور بھی شاندار نظر آئے گا۔ “ رججو نے کہا میں کئی سالوں سے کشمیر آ رہا ہوں میں 1970 کی دہائی میں آیا تھا، 1980 کی دہائیوں میں، اور یہاں تک کہ 1990 اور 2000 کی دہائیوں کے بعد بھی آیا تھا۔ لیکن 2014 کے بعد جموں اور کشمیر میں جس طرح کی ترقی شروع ہوئی ہے وہ پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی۔ پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ دفعہ 370 کو منسوخ کرتے ہوئے آئینی تبدیلیاں کرنے سے پہلے، ہندوستانی آئین کی کئی دفعات اور ریزرویشن کی پالیسیاں جموں و کشمیر میں لاگو نہیں ہوتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سی مرکزی اسکیمیں پہلے لوگوں تک نہیں پہنچ سکی تھیں لیکن دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد بہت کام ہوا ہے۔رججو نے کہا کہ کھیل اور قانون کے وزیر کے طور پر ان کے دور میں مختلف جگہوں پر کھیلوں کی سہولیات، آڈیٹوریم، ملٹی اسپورٹس سینٹر، ٹریننگ سینٹر، کورٹ انفراسٹرکچر پروجیکٹس بشمول ہائی کورٹ کی عمارتیں شروع کی گئیں۔انہوں نے کہا ”یہ جمہوریت ہے، اور لوگ سپریم ہیں۔
Comments are closed.