پی آئی بی جموں و کشمیر کا میڈیا ٹور ممبئی جواہر لعل نہرو پورٹ اتھارٹی کے دورے سے شروع
سرینگر، 06اکتوبر 2025/ پی آئی بی جموں و کشمیر کا میڈیا ٹور آج ممبئی میں جواہر لعل نہرو پورٹ اتھارٹی (جے این پی اے) کے چیئرمین جناب انمیش شرد واگھ اور جموں و کشمیر سے آئے صحافیوں کے وفد کے درمیان ملاقات کے ساتھ شروع ہوا۔ یہ ملاقات پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) جموں و کشمیر کی جانب سے منعقدہ میڈیا ٹور کی پہلی سرگرمی تھی۔ وفد کی قیادت پی آئی بی جموں کی ڈائریکٹر محترمہ نیہا جلالی کر رہی ہیںاور اس میں جموں اور سرینگر سے تعلق رکھنے والے 14 صحافی شامل ہیں۔ ملاقات کے دوران پی آئی بی ممبئی کی ڈپٹی ڈائریکٹر محترمہ جے دیوی پجاری سوامی بھی موجود تھیں۔
جے این پی اے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اس بات چیت کے دوران جناب واگھ نے بندرگاہ کے اس اہم کردار پر روشنی ڈالی جو وہ بھارت کی سمندری تجارت کو مستحکم کرنے اور لاجسٹک کارکردگی کو بہتر بنانے میں ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے جدیدکاری کے مختلف منصوبوں، ترقیاتی کاموں اور بندرگاہ کی ملک بھر میں تجارت اور رابطہ کاری کو فروغ دینے کی کاوشوں سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جے این پی اے، جو بھارت کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ ہے، عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور جدید لاجسٹک حل کے ذریعے قومی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھا رہی ہے۔
یہ ملاقات جموں و کشمیر کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ مرکز کے زیرِ انتظام اس خطے کی معیشت بڑی حد تک دونوں گھریلو اور بین الاقوامی منڈیوں تک اشیاءکی ترسیل بشمول دستکاری، خشک میوہ جات اور باغبانی کی پیداوار پر انحصار کرتی ہے۔موثر بندرگاہی ڈھانچہ اور تجارتی رابطہ کاری جموں و کشمیر کی مصنوعات کی برآمدی صلاحیت بڑھانے اور مقامی صنعتوں کو عالمی معیار کے سلسلوں سے جوڑنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
اس سے قبل، میڈیا وفد کو جے این پی اے کے سینئر عہدیداروں کی ایک ٹیم نے بریف کیا، جس کی قیادت محترمہ امبیکا سنگھ، سینئر منیجر مارکیٹنگ و پی آر او جے این پی اے اور ڈی جی ایم(کارپوریٹ کمیونیکیشنز اینڈ ٹریننگ)، ودھون پورٹ پروجیکٹ لمیٹڈ کر رہی تھیں۔ انہوں نے جے این پی اے کے مختلف ٹرمینلز کی کارکردگی، بندرگاہ کی ڈیجیٹلائزیشن اور آپریشنل کارکردگی کے ساتھ ساتھ صاف توانائی کو فروغ دینے کی سرگرمیوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ محترمہ سنگھ نے وفد کو ودھون پورٹ پراجیکٹ سمیت آنے والے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس کا سنگِ بنیاد گزشتہ سال وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے رکھا تھا اور جس کی تکمیل 2030 تک متوقع ہے۔
ممبئی کے پانچ روزہ پی آئی بی جموں و کشمیر میڈیا ٹور کا مقصد جموں و کشمیر کے صحافیوں کو ملک کے اہم قومی منصوبوں، سنٹرل پبلک سیکٹر انٹرپرائیزز(سی پی ایس ای) اور اسٹریٹجک و ترقیاتی اہمیت کے دیگر اداروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کا مقصد قومی ترقیاتی کاوشوں کی بہتر تفہیم کو فروغ دینا اور علاقائی میڈیا و قومی اداروں کے درمیان قریبی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
Comments are closed.