افواہوں پر کان نہ دھریں، انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے: عمر عبداللہ

سری نگر، 03 ستمبر

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور یقین رکھیں کہ انتظامیہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح چوکس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ہر لمحہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

عمر عبداللہ نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا: ’ڈل گیٹ کے گیٹ کو نہیں کھولا گیا ہے، کنڈی زال بند نہ تو ٹوٹا ہے اور نہ ہی شگاف پڑا ہے۔ دریائے جہلم کی سطح ضرور بلند ہو رہی ہے لیکن صورتحال پوری طرح سے قابو میں ہے۔ ہم مسلسل صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن عوام سے اپیل ہے کہ غیر ضروری افواہوں پر یقین نہ کریں۔‘

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس نے ایمرجنسی ہیپلائنز جاری کر رکھی ہیں جبکہ اہلکاروں اور مشینری کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔

Comments are closed.