راجوری میں جونیئر اسسٹنٹ رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

جموں8اگست

جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے آج ایک اہم کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ریونیو راجوری کے دفتر میں تعینات جونیئر اسسٹنٹ عمر نواز کو چار ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق، ایک شکایت موصول ہوئی تھی کہ شکایت گزار نے اپنی تین مرلہ زمین اپنے نام منتقل کرانے کے لیے فائل دفتر میں جمع کرائی تھی۔ متعلقہ کلرک، جس کے پاس جونیئر اسسٹنٹ سب رجسٹرار راجوری کا اضافی چارج بھی تھا، نے اس کام کے لیے 15 ہزار روپے رشوت طلب کی، جو بعد میں بات چیت کے بعد 4 ہزار روپے پر طے ہوئی۔

شکایت گزار نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے اے سی بی سے قانونی کارروائی کی درخواست کی۔ اس پرایک ایف آئی آر زیر نمبر 04/2025 درج کیا گیا اور ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر نواز ولد نصیر حسین ساکن ساز، تحصیل تھنہ منڈی، کو چار ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
رشوت کی رقم ملزم کے قبضے سے برآمد کر لی گئی، جس کی تصدیق موقع پر موجود آزاد گواہوں نے کی۔ بعد ازاں ملزم کے تھنہ منڈی، راجوری میں واقع گھر کی بھی تلاشی لی گئی۔

Comments are closed.