
سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت بحال
سری نگر، 12 مئی
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر مسافر بر دار اور چھوٹی گاڑیوں کی نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے تاہم مال بر دار گاڑیوں کو شاہراہ کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد ہی سری نگر سے جموں جانے کی اجازت دی جائے گی۔واضح رہے کہ گذشتہ شام مورگ کے مقام پر سڑک کھسکنے سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے پیر کو بتایا: ‘قومی شاہراہ پر چھوٹی گاڑیوں، مسافر بر دار گاڑٰیوں کی دوطرفہ نقل و حمل کی اجازت دی گئی ہے’۔انہوں نے کہا: ‘تاہم مال بر دار گاڑیوں کو سڑک کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد سری نگر سے جموں جانے کی اجازت دی جائے گی’۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ کی صورتحال معلوم کرنے کے لئے ٹریفک پولیس ٹویٹر ہینڈل یا فیس بک پیج کی طرف رجوع کریں۔
قبل ازیں ٹریفک حکام نے پیر کی صبح بتایا: ‘قومی شاہراہ ہنوز بند ہے تاہم بحالی کا کام جاری ہے’۔
انہوں نے مسافروں سے کہا ہے کہ سڑک صاف ہونے تک اس پر سفر کرنے سے گریز کریں۔ان کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر روڑ ٹھیک کرنے والی ایجنسیوں کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی ٹریفک بحال کیا جائے گا۔
Comments are closed.