عمر عبداللہ کا گولہ باری سے بے گھر ہونے والے کنبوں کے کیمپوں کا دورہ

جموں، 9 مئی

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز یہاں ان کیمپوں کا دورہ کیا جن میں پاکستانی گولہ باری سے بے گھر ہونے والے کنبے پناہ گزین ہیں۔
انہوں نے اس دوران ان کنبوں کے ساتھ بات کی اور ان کے مسائل کو سنا۔وزیر اعلیٰ جمعہ کی صبح سری نگر سے جموں روانہ ہوئے تھے۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘گولہ باری سے بے گھر ہونے والے کنبوں کے ان کیمپوں کا دورہ کیا جہاں وہ پناہ گزین ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ان کنبوں سے بات کی اور ان کے مسائل کو سنا’۔
عمر عبداللہ نے کہا: ‘انہیں یقین دلایا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں’۔۔
انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے جی ایم سی جموں میں گولہ باری سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔
واضح رہے کہ جمعرات کی شب پاکستانی فوج کی جانب سے جموں، پٹھانکوٹ، ادھم پور اور دیگر علاقوں میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، جسے بھارتی فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔

Comments are closed.