پاکستان کیلئے یہی بہتر ہے کہ وہ اپنی بندوقیں خاموش کرے : عمر عبداللہ

جموں، 9 مئی

جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے کشیدگی کو بڑھانے کا سلسلہ جاری ہے جو اس کے لئے فائدہ بخش نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے بہتر یہی ہے کہ وہ اپنی بندوقیں خاموش کرے

۔وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘پاکستان کی طرف سے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے جس طرح جموں شہر میں ڈرون حملے کئے گئے سال 1971 کے بعد پہلی بار اس طرح جموں شہر کو نشانہ بنایا گیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘لیکن ہماری دفاعی فوج ستائش کی مستحق ہے جنہوں نے ان تمام ڈرونز کو ناکام بنا دیا، خبروں کے مطابق کشمیر میں بھی اننت ناگ میں اسلحہ ڈپو کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس کو ناکام بنا دیا گیا’۔عمر عبداللہ نے کہا: ‘میں نے پہلے ہی یہ کہا تھا کہ یہ حالات ہم نے نہیں بنائے ، پہلگام میں بے گناہوں کا قتل عام کیا گیا جس کا ہمیں جواب دینا پڑا’۔انہوں نے کہا: ‘پاکستان کی طرف سے اس کو بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، اس میں پاکستان کا کوئی فائدہ نہیں ہے ، اس کے لئے بہتر یہی ہوگا کہ وہ اپنی بندوقیں خاموش کرے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘

پاکستان کشیدگی کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے ، اس سے سب سے زیادہ نقصان ان کو ہی ہوگا، پاکستان کو عقل سے کام لینا ہوگا’۔پونچھ کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘پونچھ میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ، سب سے زیادہ اموات اور زخمی پونچھ میں ہی ہوئے ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘جو لوگ دوسری جگہ منتقل ہوئے ہیں ان کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ان کے لئے بہتر قیام و طعام، مفت ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کا بھر انتظام کیا جا رہا ہے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘ہماری کوشش ہے کہ ان کو کم سے کم تکیلف پہنچے ‘۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ‘پاکستان کو طے کرنا ہوگا کہ وہ کس طرح کے حالات چاہتا ہے ، ہمارے پاس ان سے زیادہ ہتیھار ہیں، وہ بندوقیں خاموش کریں یہاں سے خود بخود خاموش ہوں گے ‘۔

Comments are closed.