پہلگام حملہ: جموں وکشمیر اسمبلی نے جاں بحق ہونے والے سیاحوں کو خراج عقیدت پیش کیا

جموں، 28 اپریل

جموں و کشمیر اسمبلی میں پیر کے روز پہلگام دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے سیاحوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کے روز سیاحتی مقام پہلگام کی بیسرن وادی میں دہشت گردانہ حملے میں 25 سیاح اور ایک مقامی شخص جاں بحق ہوا تھا۔ اس سانحے سے جموں وکشمیر سمیت پورے ملک میں ماتم کا ماحول ہے۔

جموں وکشمیر اسمبلی کا خصوصی اجلاس جب پیر کو شروع ہوا تو اسپیکر عبدالرحیم راتھر کے اعلان پر تمام ارکان اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور پہلگام دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے سیاحوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔اسپیکر نے ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے معصوم سیاحوں کے قتل کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ ‘ہم متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے’۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلگام حملے کے پیش نظر اسمبلی کا یہ خصوصی اجلاس طلب کیا تھا۔

Comments are closed.