پہلگام دہشت گردانہ حملہ: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی

سری نگر،22اپریل

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کی شام مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس اہم بریفنگ کے دوران جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اطلاعات کے مطابق، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر داخلہ کو حملے کی مکمل تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلگام کے جنگلاتی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور اس سلسلے میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اس بریفنگ کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ راج بھون سری نگر میں منعقد ہوئی جس میں فوج، پولیس اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

پولیس سربراہ نالین پربھارت اور شمالی کمان کے فوجی کمانڈر نے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا کہ سرگرم دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وادی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف چلائے جانے والے آپریشنز میں شدت لائی جائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانا اب ناگزیر بن گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے انتہائی غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "بہت ہو چکا، اب دہشت گردوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت دہشت گردوں کے خلاف اپنے عزم میں مزید مضبوط ہو چکی ہے اور اس حملے کے ذمہ داروں کو ہر حال میں سزا دی جائے گی۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ وہ اس حملے کے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔

Comments are closed.