سرینگر میں تین منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی- این ڈی پی ایس کے تحت مقدمے درج:پولیس

سری نگر، 23 مارچ

منشیات فروشوں کے خلاف مہم کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سری نگر میں تین منشیات فروشوں کے خلاف پریوینشن آف ایلسیٹ ٹریفک ان نارکوٹکس ڈرگس اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹنس ایکٹ (پی آئی ٹی – این ڈی پی ایس) کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سری نگر پولیس کے ذریعہ تیار کردہ ڈوزیئر کی بنیاد پر صوبائی کمشنر کشمیر سے باضابطہ نظر بندی کے احکامات حاصل کرنے کے بعد تین بد نام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی – این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے گئے۔

منشیات فروشوں کی شناخت اویس احمد بٹ ولد شفیق احمد بٹ ساکن روشن محلہ نوہٹہ خانیار، آصف احمد خان ولد طارق احمد خان ساکن فردوس آباد ٹینگہ پورہ بٹہ مالو اور عاقب اسلام وانی ولد محمد مقبول وانی ساکن باغ مہتاب چھانہ پورہ سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان منشیات فروشوں کو حراست میں لیا گیا اور بعد ازاں کوٹ بلوال جیل جموں اور اودھم پور اور بھدرواہ کے ضلعی جیلوں میں بند رکھا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ کہ یہ منشیات فروش خطرناک پیمانے پر سری نگر کے نوجوانوں میں منشیات کی فروخت میں ملوث تھے اور اس کے علاوہ وہ سری نگر کے مختلف تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے کئی مقدمات میں بھی ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات درج ہونے کے باوجود مذکورہ منشیات فروش عدالتوں سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد بھی اپنے حرکات سے باز نہیں آئے اور غیر قانونی منشیات کے نیٹ ورک کے ذریعے وادی بالخصوص سری نگر کے نوجوانوں میں ڈھٹائی سے منشیات کو فروغ دے رہے تھے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے پی آئی ٹی – این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت ان کی جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس قانون کی پوری طاقت کے ساتھ خطے میں منشیات فروشی کو ختم کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

Comments are closed.