وزیر داخلہ امیت شاہ سے کئی وفود ملاقی
سری نگر،16مئی
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جمعرات کی شام کو سری نگر پہنچے جس دوران ان سے کئی عوامی وفود، سیول سوسائٹی کے ممبران اور بی جے پی کے سینئر لیڈروں نے ملاقات کی۔
اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ دو روزہ دورے پر جمعرات کی شام کو سری نگر پہنچے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ائر پورٹ سے امیت شاہ کو سیدھے ہوٹل گرینڈ للت پہنچایا گیا جہاں پر پہلے سے ہی کئی عوامی وفود ان سے ملنے کے منتظر تھے۔
پہاڑی طبقہ سے وابستہ وفود نے وزیر داخلہ سے ملاقی ہونے سے قبل نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا ؛’موجودہ مرکزی حکومت نے پہاڑی طبقہ سے وابستہ لوگوں کے لئے بہت کام کئے ہیں۔‘
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے پہاڑی برادری کی دیریانہ مانگ پوری کی جس کے لئے ہم وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے مشکور ہیں۔
سکھ برادری کے وفد نے بتایاکہ ہمارے چند اہم مطالبات ہیں اور اس ضمن میں وزیر داخلہ کو ایک میمورینڈم پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا:’سکھ برادری وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ کے مشکور ہیں کیونکہ موجودہ مرکزی حکومت نے سکھوں کے کئی اہم مسائل حل کئے ہیں۔ ‘
ان کے مطابق آنند میریج ایکٹ موجودہ سرکار نے ہی پاس کیا ہے۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ شام دیر گئے وقف چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی سربراہی میں کشمیر صوبے کے بھاجپا لیڈرامیت شاہ سے ملاقی ہوئے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران پارٹی امورات پر تبادلہ خیال ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعرات شام دیر گئے سیول سوسائٹی سے وابستہ سینئر عہدیدارو ں نے بھی مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔
Comments are closed.