سرینگر پولیس نے موبائیل چرانے والے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، تین گرفتار

سرینگر،17ستمبر
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے صدر ہسپتال میں مریضوں اور تیمارداروں کے موبائیل فون چرانے والے ایک نیٹ ورک کا پردہ فاش کرکے سری نگر پولیس نے تین سارقوں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے چرائے گئے 11موبائیل فون ضبط کئے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر پولیس نے صدر ہسپتال میں موبائیل چوری کرنے والے ایک گروہ میں شامل تین افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔گرفتار شدگان کی شناخت منیب جان ولد منظور شاہ ساکن سیکہ ڈافر صفا کدل ، محی الدین حکیم ولد غلام محی الدین ساکن چائے ڈب صفا کدل اور محمد عرفان پانپوری ولد محمد سلطان ساکن صفا کدل سری نگر کے بطورہوئی ہے۔

واضح رہے کہ صدر ہسپتال سری نگر میں موبائیل چوری کے متعدد واقعات رونما ہونے کے بعد تیماداروں نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی۔پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لا کر موبائیل چوری میں ملوث افراد کی گرفتاری عمل میں لائی۔یو این آئی

Comments are closed.