راہل گاندھی کی ایل جی منوج سنہا سے ملاقات، پہلگام حملے پر تفصیلی بات چیت

سری نگر،25اپریل

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے آج راج بھون سرینگر میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی، جس دوران پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
راہل گاندھی کے ہمراہ کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمان کے سی وینو گوپال، سینئر لیڈر غلام احمد میر،کانگریس کے ریاستی صدر طارق حمید قرہ اور راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر سید نصیر حسین بھی موجود تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس ملاقات کی تفصیل ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر شیئر کرتے ہوئے کہا:”راج بھون میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، کانگریس ایم پی کے سی وینو گوپال، ایم ایل اے غلام احمد میر اور طارق حمید قرہ، نیز راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر سید نصیر حسین سے ملاقات ہوئی۔ ہم نے پہلگام میں پیش آئے دہشت گرد حملے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔”
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران راہل گاندھی نے اس بزدلانہ حملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ملاقات میں وادی میں سیاحوں کی سیکیورٹی، دہشت گردی کے تدارک کے لیے مؤثر حکمت عملی، اور مرکزی و ریاستی حکومت کے درمیان بہتر تال میل پر بھی زور دیا گیا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وادی میں پہلگام حملے کے بعد سیکیورٹی صورتحال نہایت حساس بنی ہوئی ہے اور سیاسی و سماجی حلقے اس حملے کے ردعمل میں مؤثر اقدامات کی توقع کر رہے ہیں۔

Comments are closed.