پہلگام میں دہشت گردی کے واقعہ کے جواب میں پوری اپوزیشن حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی / راہول گاندھی
سرینگر /25اپریل / ٹی آئی نیوز
کانگریس لیڈر اور قائد حزب اختلاف راہول گاندھی ہنگامی دورے پر سرینگر پہنچ گئے جس دوران انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ ، تاجروں اور دیگر سیول سوسائٹی ممبران سے پہلگام حملے کے بعد بات چیت کی ۔
اس دوران انہوںنے سرینگر میں جے کے پی سی سی کے صدر طارق حمید قرہ اور کانگریس کے سینئر رہنما غلام احمد میر کے ساتھ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردی کے واقعہ کے جواب میں پوری اپوزیشن حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے ۔ گاندھی نے کہا”ہم نے کل حکومت کے ساتھ ایک میٹنگ کی، اپوزیشن نے اس حملے کی مذمت کی اور حکومت جو بھی اقدام کرنا چاہتی ہے، اس کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ راہول گاندھی نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حملے کے پیچھے سماج کو تقسیم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ ہر ایک ہندوستانی متحد ہو۔ ہمیں دہشت گردوں کی کوششوں کو شکست دینا ہوگی“ ۔خیال رہے کہ کانگریس لیڈر نے زخمیوں میں سے ایک سے ملاقات کی۔انہوںنے کہا ” میرا پیار ہر اس شخص سے ہے جس نے اپنے خاندان کے افراد کو کھو دیا ہے۔ پوری قوم ایک ساتھ کھڑی ہے“۔
گاندھی نے مزید کہا کہ اس طرح کے حملوں کے نتیجے میں معصوم لوگوں یا مخصوص برادریوں کو نشانہ بنانا صرف دہشت گردی کے ایجنڈے میں مدد کرتا ہے۔فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دینا اور کشمیر کے بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے سے احتیاط کرنا۔ انہوں نے کہا ” یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ کچھ لوگ کشمیر سے میرے بھائیوں اور بہنوں پر ملک کے دوسرے حصوں میں حملہ کر رہے ہیں۔ ہمیں ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور دہشت گردی کو ہمیشہ کے لیے شکست دینا چاہیے۔ “
Comments are closed.