تولہ مولہ میں میلہ کھیر بھوانی مذہبی تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا
گاندربل/28مئی
ضلع گاندربل کے علاقے تولہ مولہ میں آج یہاں جیشٹھا اشٹمی کے مبار ک موقعہ پر ہزاروں کشمیری پنڈتوں اور عقیدت مندوں نے ماتا کھیر بھوانی مندر کا دورہ کیا۔
ہر برس اِس مبارک دِن گاندربل کے تولہ مولہ میں ماتا کھیر بھوانی مندر میں کھیر بھوانی میلہ منعقد کیا جاتا ہے اور جموں وکشمیر کے مختلف حصوں سے عقیدت مند یہاں پوتر مندر پر جاتے ہیں۔
کھیر بھوانی کو کشمیری پنڈتوں کا دیوتا مانا جاتا ہے جن کی وہاں کافی پہچان ہے ۔ برسوں سے کھیربھوانی میلہ کشمیر میں فرقہ ورانہ ہم آہنگی او ربھائی چارے کی علامت بن گیا ہے ۔
ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں پُرجوش مناظر دیکھنے میں آئے کیوں کہ بڑی تعداد میں عقیدت مند یہاں پہنچے جنہوں نے پوجا کی اور پوری اِنسانیت کے لئے پراتھنا کی۔
اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِنتظامات کا معائینہ کیا اور عقیدت مندوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔اِس بات پر پوری توجہ دی گئی کہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنہ نہ کرنا پڑے۔
اِس موقعہ پر زیادہ تر کشمیری پنڈت مندر میں تہوار کی رسومات اَدا کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ اِس کے علاوہ مسلمان پنڈتوں کا استقبال کرتے اور اِنتظامات کرتے نظر آئے۔
واضح رہے کہ ضلعی اِنتظامیہ نے مندر میں بلا تعطل بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی ، ٹرانسپورٹ ، سیکورٹی ، فائر ٹینڈروں ، راشن ، میڈیکل کیمپ اور طبی سہولیات کے لئے ضروری اِنتظامات کئے تھے۔ اِس کے علاوہ مختلف راستوں پر عقیدت مندوں کے لئے مفت ٹرانسپورٹ سہولیت بھی فراہم کی گئی تھی۔
Comments are closed.