
پہلگام میں ساتویں روز بھی آپریشن جاری، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جنگلات کی چھان بین
سری نگر، 28 اپریل
جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کا بڑا آپریشن ساتویں روز بھی جاری ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جنگلی علاقوں میں وسیع پیمانے پر ناکہ بندی کر رکھی ہے اور پورے علاقے کو جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے کھنگالا جا رہا ہے ۔
ذرائع کے مطابق 22 اپریل کو بیسرن میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے پورے پہلگام میں دہشت گرد مخالف مہم جاری ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پہاڑی اور جنگلی علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر آرمی، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے مشترکہ دستے علاقے میں مسلسل تلاشی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ڈرون کیمروں، کواڈ کاپٹروں اور سراغ رساں کتوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی مشتبہ نقل و حرکت پر فوری نظر رکھی جا سکے ۔حکام کا کہنا ہے کہ دشوار گزار راستوں، گھنے جنگلات اور ندی نالوں کے درمیان مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش میں خصوصی تربیت یافتہ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کئی مقامات پر مشتبہ سرگرمیوں کا پتہ چلنے پر محاصرے کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔حکام نے بتایا کہ آپریشن کو انتہائی احتیاط سے انجام دیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی شہری کو نقصان نہ پہنچے ۔ انتظامیہ نے مقامی آبادی سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ادھر، پہلگام اور اس سے ملحقہ سیاحتی علاقوں میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور علاقے میں امن و امان کی فضا برقرار رہے ۔ یو این آئی
Comments are closed.