بارشوں کے بعد وولر جھیل میں سیلابی صورتحال ،70 بھیڑیں ہلاک ، درجنوں لاپتہ

سرینگر/17اپریل /کے پی ایس

شمالی ضلع بانڈی پورہ کے جھیل وولر میں بارش کے بعد اچانک سیلاب صورتحال پیدا ہونے سے جھیل میں 70 بھیڑ بکریاں غرقاب ہوکر لقمہ اجل بن ہو گئیں جبکہ کئی لاپتہ ہیں۔

کشمیر پریس سروس کے مطابق جھیل وولر میں بارشوں کی وجہ سے اچانک پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا جس کے نتیجے میں جھیل میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ۔ سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے باعث کم سے کم 70بھیڑ وں کی جان چلی گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں کے مطابق ایک چرواہے وہاں اپنے بھیڑ بکریاں چروا رہا تھا تاہم صبح کی بارش کے بعد اچانک جھیل وولر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں بھیڑیں بہہ گئیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق، سیلاب میں تقریباً 150 بھیڑیں بہہ گئیں۔

حکام نے بتایا کہ اب تک 57 بھیڑوں کے مرنے کی تصدیق ہو چکی ہے اور مزید لاپتہ ہیں۔مقامی عینی شاہدین کے مطابق، جب یہ واقعہ پیش آیا تو بھیڑیں ولر کنارے کے قریب خشک زمین پر تھیں۔ چرواہے غلام قادر نے صحافیوں کو بتایا کہ جھیل میں اچانک آنے والا سیلاب آیا جبکہ ان کا 20 سالہ بیٹا اور اس کا قریبی رشتہ دار درختوں پر چڑھ کر بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام نوزائیدہ اور کمزور بھیڑیں ہلاک ہو چکی ہیں، مجموعی طور پر 150 کے قریب لاپتہ ہیں، جن میں سے 70 مردہ پائے گئے ہیں،

انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ایک کشتی کی مدد سے اپنے بیٹے اور اس کے بھتیجے کو بچانے میں کامیاب ہوئے۔ڈاکٹر شوکت احمد اہنگر، چیف اینیمل اینڈ شیپ ہسبنڈری آفیسر بانڈی پورہ نے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے اور تقریباً 57 بھیڑوں کے مرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے حکام کو ایس ڈی آر ایف کے تحت معاوضہ دینے کے لیے لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے، اور ریونیو ٹیموں نے بھی واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔

Comments are closed.