پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا دورہ راجوری ،سیکورٹی کے منظر نامے کا جائزہ لیا
پاکستان اور ایجنسیوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے سرحدوں کے ساتھ ساتھ اندرونی علاقوں میں چوکس رہنے کی ہدایت
جموں/03 فروری/ ٹی آئی نیوز
جموں کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے سرحدی ضلع راجوری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین اور اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ بھی موجود تھے
جائزہ میٹنگ میں ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈاکٹر محمد حسیب مغل، ایس ایس پی راجوری محمد اسلم اور دیگر افسران نے شرکت کی
ڈی جی پی نے راجوری پولیس کو اس کے تین ارکان کو گرفتار کرکے لشکر طیبہ کے ماڈیول کا پردہ فاش کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اسپانسرڈ عناصر کے ذریعے جموں کشمیر کے بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے لیے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان اور اس کی ایجنسیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے سرحدوں کے ساتھ ساتھ اندرونی علاقوں میں بھی چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ڈھنگری کیس میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے سخت کوششیں کریں تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے۔ انہوں نے تمام شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کو مزید سنجیدگی سے نمٹانے کی ہدایت کی۔
Comments are closed.