کشمیر ریل سروس قریب 11ماہ بعد بحال؛ ٹریکوں پر دوبارہ ریل دوڑتی نظر آئی مسافروں میں خوشی کی لہر

سرینگر/22فروری: کشمیر ریل سروس قریب 11ماہ بعد جزوی طور بحال ہوگئی جس پر لوگوںنے خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے لوگوں کو کافی راحت ملے گی ۔ ریل سروس گزشتہ برس مارچ میں کووروناوائرس کے نتیجے میں لاک ڈاون کے پیش نظر معطل کی گئی تھی۔ کرنٹ نیو زآف انڈیا کے مطابق بانہال ، بارہمولہ ریل سروس قریب ایک برس بعد جزوی طور پر بحال ہوئی ۔ ریل خدمات کی بحالی سے متعلق کشمیر ریلوے حکام نے بتایا کہ مرکزی وزار ت ریلوے کی جانب سے ہری جھنڈی ملنے کے بعد ریل خدمات کو جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے ۔اتوار کو بانہال سے بارہمولہ تک بغیر مسافروں کے ٹرین کو آزمائشی طور پر چلائی گئی۔ گزشتہ برس کورونا وائرس کے بعد 19مارچ کو بارہمولہ سے بانہال تک137کلو میٹر لمبی ریل خدمات معطل کی گئی تھی چیف ایریا منیجر ، شمالی یلوے ثاقب یوسف نے بتایا کہ آج سے جزوی ریل سروس دوبارہ شروع کی گئی۔مرکزی حکومت کی طرف سے5 اگست کو جموں کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے اور دفعہ370کو منسوخ کرنے کے فیصلے کے ساتھ ہی بانہال سے بارہمولہ تک چلنے والی ریل سروس کو معطل کیا گیا تھا،اور99دن کے بعد ریل سروس کو بڈگام سے بارہمولہ تک12نومبر2019 کوبحال کیا گیا تھا۔ اسکے بعد کورونا کے باعث لاک ڈائون ہوتے ہی 19مارچ کو ٹرین سروس بند کردی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ11ماہ کے دوران ریلوے کو قریب10کروڑ20لاکھ روپے جبکہ5اگست کے بعد قریب3کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔اس دوران اتوار کو ریل کے ڈبوں کے اندر اور باہر جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کیا گیا اور ان کی صفائی بھی عمل میں لائی گئی۔ ٹرین کی پٹری کا جائزہ قریب ایک ہفتے تک لیا گیا اور اس دوران پولیس اور ریلوے پروٹکشن فورس کے اہلکار بھی ریل عملے کیساتھ ساتھ رہے۔حکام نے بتایا کہ بانہال سے بڈگام اور بڈگام سے بارہمولہ تک آزمائشی سفر کے دوران ریل میں کوئی بھی مسافر نہیں تھا۔ ریلوے حکام کے مطابق ریل صبح 11بجکر25منٹ پر بانہال سے اور بارہمولہ اسٹیشن سے صبح 9بک بجکر10منٹ پر روانہ ہوگی۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ ، عام دنوں کے دوران بانہال سے بارہمولہ تک ایک دن کو چھوڑ کر 15 ٹرینیں چلتی تھیں اورطلباء اور سرکاری ملازمین سمیت 30 ہزار مسافر ئوں کو منزل تک پہنچاتی تھی۔یاد رہے کہ کشمیر کے صوبائی کمشنر نے 15فروری کو شمالی ریلوے کو ایک خط لکھا تھا جس میں ٹرین سروس کو 17فروری سے بحال کرنے کی در خواست کی گئی تھی لیکن شمالی ریلوے نے دو روز قبل اعلان کیا کہ 22فروری سی ٹرین سروس کا باضابطہ آگاز کیا جائیگا۔ادھرشمالی ریلوے نے بارہمولہ، بانہال تک ٹرین سروس کا کرایہ بڑھایا ہے۔ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 22فروری سے بارہمولہ اور بانہال کے درمیان 17بار ٹرین چلے گی۔ شمالی ریلوے نے ٹرین سروس کیلئے کرایہ مقرر کردیا ہے۔ بارہمولہ سے بانہال تک 65روپے کرایہ ہوگا جبکہ سرینگر اور پانپور سے بانہال تک کا کرایہ 45روپیہ مقرر کردیا گیا ہے۔ قاضی گنڈ ، اننت ناگ، بجبہاڑہ اور پنجہ گام سے بانہال تک 30روپے جبکہ اونتی پورہ سے بانہال تک کا کرایہ 35روپے ہوگا۔ کاکہ پورہ سے بانہال تک کا کرایہ 40روپے جبکہ بڈگام اور ماذہامہ سے بانہال تک 50روپے پٹن سے 55روپے اور ہامرے وسوپور سے 60روپے مقرر کیا گیا ہے۔ بچوں کا کرایہ 30روپے رکھا گیا ہے۔

Comments are closed.