لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے جنگ جیسی صورتحال رونما ; آر پار شدید گولہ باری اور ماٹر شلنگ ،پاکستانی شہری زخمی ، لوگوں میں خوف و ہراس

سرینگر/18جنوری: لائن آف کنٹرول پرآر پار آتشی گولہ باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔پونچھ سیکٹر میں رات دیر گئے فائرنگ اور ماٹر شلنگ کا شدید تبادلہ ہوا، ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ اس پارکشمیر میں کنٹرول لائن کے جنڈروٹ اور کوٹلی سیکٹرز میں بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہو گیا ۔ سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر ایک ہفتے سے تنائو وکشیدگی کی صورتحال میں مزید شدت آئی ہے ،کیو نکہ برصغیر کی دوایٹمی طاقتوں کی افواج کے درمیان گولہ باری تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔طرفین کے مابین تازہ گولہ باری کا تبادلہ پونچھ سیکٹر میں اتوار کی رات دیر گئے پیش آیا۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال اور شدید فائرنگ کی گئی‘۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے جوابی فائرنگ کی اور طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ قریب آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا ’گولہ باری اور شل رہائشی علاقوں میں جا گرے جس کے نتیجے میں کئی رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچ گیا ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی چوکیوں کے علاوہ درجنوں رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنا کر ان پر فائرنگ کی جس کا بھارتی فوج نے بھر پور انداز میں جواب دیا ۔ ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پربھارتی فورسزکی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق لائن آف کنٹرول پربھارتی فورسزنے ایک بارپھرفائرنگ کرکے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی فورسزنے کھوئی رتہ سیکٹرمیں مقامی آبادی کو نشانہ بنایا جس سے ایک شہری محمد مشتاق زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے شہری کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔(سی این آئی )

Comments are closed.