ڈرون کے ذریعے ڈالے گئے ہتھیاروں کو کشمیر پہنچانے کی کوشش پولیس نے بنائی ناکام ; رام بن میں جنوبی کشمیر کے دو نوجوان گرفتار ، بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد ، مزید گرفتار متوقع / پولیس
سرینگر/18جنوری: پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو جنگجوئوں کے بالائے زمین کارکنوں کو رام بن میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب انہوں نے سانبہ میں ڈرون کے ذریعے ڈالے گئے ہتھیار وں کو کشمیر پہنچنے کی کوشش کی ۔ سی این آئی کو پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک خصوصی اطلاع ملنے کے بعد رام بن پولیس اور ایس او جی وسیکورٹی فورسز نے جنگجوئوںکے معاون گروپ کا پردہ فاش کرکے دو کارکنوں کی گرفتاری عمل میںلائی جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کر لیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ جنگجو ئوں کے دو معاون جن کی شناخت عمر احمد ملک اور سہیل احمد ملک ساکنہ سمتھن بجبہاڑہ کے بطور ہوئی دونوں عسکری تنظیم جیش محمد کیلئے کام کرتے تھے نے کشمیر سے سفر شروع کیا اور سانبہ ضلع کے وجے پور میں بین الاقوامی سرحد پر پہنچ گئے جہاں سے وہ پاکستان کی جانب سے ڈرون کے ذریعے ڈالے جا رہے ہتھیاروں کو اٹھا کر کشمیر پہنچاتے تھے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں سے دو اے کے 47رائفلیں ، ایک پستول ، 16گرینیڈ ، کچھ میگزین اور دیگر اسلحہ بر آمد کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں سے تفتیش جاری ہے اور آئندہ کچھ دونوں میں مزید گرفتار متوقع ہے ۔ (سی این آئی )
Comments are closed.