اُتر پردیش میں زہریلی شراب نے قہر بپا کیا ؛ بلند شہر میں زہریلی شراب پینے سے 5 لوگوں کی موت

سرینگر/08جنوری: اترپردیش کے بلند شہرضلع کے سکندرآباد کے گاوں جیت گڑھی میں زہریلی شراب نے قہر برپا کیا ہے۔ یہاں زہریلی شراب پینے سے پانچ لوگوں کی موت ہوگئی، جبکہ 7 لوگوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق اُتر پردیشن کے ضلع بلند شہر میں زہریلی شراب پینے سے قریب 5افراد لقمہ اجل بن گئے ہیںجبکہ دیگر 7افراد کی حالت ہسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے ۔ کلیکٹر رویندر کمار نے بتایا کہ 16 لوگوں کا ڈائلسس کیا جارہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ان سبھی نے گاوں میں ہی فروخت ہو رہی شراب خریدی تھی۔ اس معاملے میں تھانہ انچارج سمیت تین پولیس اہلکاروں کو ایس ایس پی نے معطل کردیا ہے۔ پانچ لوگوں کی موت کے بعد پورے گاوں میں کہرام مچا ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس سانحہ کے قصورواروں پر این ایس اے لگانے کا حکم دیا ہے۔ اس درمیان، ڈی ایم رویندر کمار نے شروعاتی جانچ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک شخص نے باہر سے شراب لایا تھا۔ شراب کی دوکانوں پر چھاپہ مارا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ضلع کے گاوں جیت گڑھی کے باشندہ 35 سال کے ستیش، 40 سال کے کلوا، رنجیت اور 60 سال سکھپال اور دیگر لوگوں نے گاوں میں ہی ایک شخص سے شراب خریدی تھی۔ جمعرات رات کو شراب پینے کے بعد یہ سبھی اپنے اپنے گھر جاکر سوگئے۔ بتایا جارہا ہے کہ نصف شب کے بعد ان سب کی حالت بگڑنے لگی۔ ان میں سے ستیش، کلوا، رنجیت، سکھپال اور ایک دیگر نے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیا، جبکہ باقی لوگوں کو اسپتال لے جایا گیا۔ ان سبھی کی حالت نازک ہے۔ پولیس اور ایڈمنسٹریٹیو ٹیم گاوں پہنچ گئی اور فیملی سے حادثہ کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے میں مصروف ہوگئی ہے۔ دوسری جانب شراب بیچنے والا شخص ابھی گرفت سے باہر ہے۔پورا معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سخت قدم اٹھایا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے ضلع انتظامیہ کو قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ قصورواروں پر این ایس اے اور گینگسٹر کے تحت کارروائی کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے سینئر افسران کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر متاثرین کو بہتر علاج کے ساتھ قصوروار ڈسٹیلری کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔

Comments are closed.