پی ڈی پی یوتھ لیڈر وحید پرہ جموں میں این آئی اے عدالت میں پیش
جج نے مزید پوچھ تاچھ کیلئے 15روزہ این آئی اے تحویل میں بھیج دیا
سرینگر/27نومبر: قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) کے ہاتھوں گرفتار کئے گئے پیپلزڈیموکرٹیک پارٹی ( پی ڈی پی ) یوتھ ونگ کے صدر وحید الرحمان پرہ کو15 روزہ این آئی اے تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سابق پولیس ڈی ایس پی دویندر سنگھ اور حزب کمانڈر نوید بھا بو کے کیس میں این آئی اے نے دو دنوں کی پوچھ تاچھ کے بعد پی ڈی پی یوتھ لیڈر وحید الرحمان پرہ کو با ضابطہ طور پر گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد آج انہیں جموں کی ایک خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش کیا گیا ۔جہاں انہیں این ای اے جج سندیپ گھپتا نے 15 دنوں کے لئے ریمانڈ میں رکھنے کا حکم دیا۔ این آئی اے کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وحید الرحمان کو 15روزہ این آئی اے حراست میں دیا گیا ہے جہاں اس سے مزید پوچھ تاچھ کی جائے گی ۔ خیال رہے کہ وحید الرحمان پرہ کو دہلی کی ایک عدالت میں کل پیش کیا گیا جس نے اسے جموں میں پیش کرنے کے لیے ٹرانزٹ ریمانڈ دیا ہے۔ جس کے بعد آج انہیں جموں کی این آئی اے عدالت میں پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )نے 25 نومبر کو پی ڈی پی رہنما اور یوتھ ونگ کے صدر وحید الرحمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ اس سے قبل این آئی اے نے دو روز تک معطل ڈی ایس پی دیویندر سنگھ معاملے میں وحید پرا سے پوچھ گچھ کی تھی۔
Comments are closed.