نگروٹہ جموں میں اعلیٰ الصبح مسلح تصادم آرائی ، چار جیش محمد جنگجو جاں بحق ، دو ایس او جی اہلکار زخمی

ٹرک تباہ ، ڈرائیور فرار ، مہلوک جنگجوؤں سے 11اے کے 47رائفلیں ،29گرینیڈ، تین پستول اور دیگر سامان بر آمد

مسلح تصادم آرائی کے بعد جموں کے کئی علاقوں میںہائی الرٹ ، سرینگر جموں شاہراہ اور سرحدوں پر بھی چوکسی بڑھائی گئی

سرینگر/19نومبر: سرینگر جموں شاہراہ پر جمعرات کی اعلیٰ صبح فوج و فورسز اور مسلح جنگجوؤںکے مابین تصادم آرائی میں عسکری تنظیم جیش محمد سے وابستہ چار جنگجوؤں جاں بحق ہو گئے جبکہ ٹرک کو شدید نقصان پہنچ گیا ۔ جھڑپ میںطرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں دو ایس او جی اہلکار بھی زخمی ہو گئے جبکہ ٹرک ڈرائیور جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے جھڑپ میں مسلح جنگجوؤں کے گروپ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ مارے گئے جنگجوؤں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کر لیا گیا ۔ مسلح جھڑپ کے بعد نگروٹہ سمیت جموں کے دیگر علاقوں میںہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ پر جنگجووں کی نقل و حمل کی اطلاع ملنے کے بعد فوج و فورسز اور ایس اوجی اہلکاروں نے نگروٹہ جموں میں شاہراہ پر بھان پلازہ کے نزدیک ناکہ بٹھایا جس دوران جمعرات کی اعلیٰ صبح ٹرک جس میں جنگجو ؤں سوار تھے کو روکنے کا اشارہ کیا گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی ٹرک کو روکنے کا اشارہ کیا گیا تو ٹرک کا ڈرائیور گاڑی سے اترا اور فرار ہو گیا جس کے بعد ٹرک میں سوار جدید ہتھیاروں سے لیس جیش محمد کے گروپ نے فوج و فورسز اور ایس او جی پر شدید نوعیت کی گولہ باری کی ۔ گولی باری کے ساتھ ہی فوج و فورسز کی اضافی نفری علاقے میں پہنچ گئی اور انہوں نے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا اور طرفین کے مابین گولی باری کا تبادلہ نا ضابطہ طور پر آغاز ہو ا ۔ ذرائع کے مطابق فوج و فورسز اور جنگجوؤں کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک کررکھ دی گئی جبکہ جنگجوؤ ں کےخلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی گولی باری کے نتیجے میں دو ایس او جی اہلکار زخمی ہو گئے جن کو علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بنی ہوئی ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں قریب تین گھنٹوں تک مسلح جھڑپ جاری رہی اور جونہی علاقے میں گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو جھڑپ کے مقام سے چار جنگجوؤںکی نعشیں بر آمد کر لی گئی اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کر لیا گیا جن میں 11اے کے 47رائفلیں ،29گرینیڈ، تین پستول اور دیگر جنگی سامان بر آمد کر لیا گیا اور ادویات بھی شامل ہے ۔جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے جھڑپ میں چار جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح جنگجو دراندازی کرکے جموں کشمیر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے مقام سے چار جنگجوؤں کی نعشیں اور ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کر لیا گیا ہے جبکہ ان کی شناخت کرنے کیلئے کوششیں جاری ہے ۔ ادھر نگروٹہ میںمسلح جھڑپ کے بعد جموں کے کئی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ سرحدوں پر بھی فورسز کو چوکس کر دیا گیا ہے

Comments are closed.