نگڑوٹہ جموں میں جاں بحق جنگجو بڑے حملے کے منصوبہ میں تھے ،مفرور ٹرک ڈرائیور کی تلاش جاری

جنگجوؤں کا گروپ حالیہ میں دراندازی کرکے جموں کشمیر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا تھا / آئی جی جموں

سرینگر/19نومبر: سرینگر جموں شاہراہ پر نگروٹہ کے مقام سے مسلح تصادم آرائی میںچار عدم شناخت جنگجو ہلاک ہو گئے کی بات کرتے ہوئے آئی جی پی جموں نے کہا کہ مہلوک جنگجو بڑے حملے کے منصوبے میں تھے جس کو ناکام بنا یا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنگجوؤں کا یہ گروپ حالیہ میں دراندازی کے ذریعے جموں کشمیر میں داخل ہو گیا تھا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کر لیا گیا ہے جبکہ مفرور ٹرک ڈارئیور کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ سی این آئی کے مطابق نگروٹہ جموں میں مسلح تصادم آرائی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی پی جموں مکیش سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ دنوں لائن آف کنٹرول پر درندازی کی کوششوں کے دوران انہیں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ جنگجوؤں کا ایک گروپ جموں کشمیر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کے بعد انہوں نے انٹیلی جنس اور دیگر ایجنسیوں کو متحرک کرکے انہیں ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی اعلیٰ صبح انہیں ایک مصدقہ اطلاع ملی کہ جنگجوؤں کا ایک گروپ ٹرک میںسوار ہوکر کشمیر کی طرف جا رہا تھا جس کے بعد نگروٹہ کے مقام پر خصوصی ناکہ لگایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ صبح قریب 5بجے جونہی ٹرک کو ناکے پر روکنے کا اشارہ کیا گیا تو ٹرک ڈرائیور گاڑی سے اتر کر فرار ہو گیا جبکہ ٹرک میں سوار مسلح جنگجوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کاروائی کی اور قریب تین گھنٹوں تک علاقے میں مسلح جھڑپ جاری رہنے کے بعد جونہی گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو جھڑپ کے مقام سے چار جنگجوؤں کی نعشیں بر آمد کر لی گئی جن کے قبضے سے 11اے کے 47رائفلیں ،29گرینیڈ، تین پستول اور دیگر جنگی سامان بر آمد کر لیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں دو سیکورٹی فورسز اہلکار بھی زخمی ہو گئے ۔ آئی جی پی جموں نے کہا کہ یہ گزشتہ کئی سالوں میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ جھڑپ میںمارے گئے جنگجوؤں سے اتنا اسلحہ بر آمد کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک ڈرائیور جائے واردات سے فرار ہونے میںکامیاب ہو گیا جس کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مسلح جنگجوؤں جموں کشمیر میںکسی بڑے حملے کے منصوبے سے آئیں تھے جس کو ناکام بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ گروپ حالیہ میں دراندازی کرکے جموں کشمیر میں داخل ہو گیا تھا اور انہوں نے دیگر جنگجوؤں کیلئے ساز سامان بھی اپنے ساتھ لایا تھا ۔ آئی جی پی جموں کے مطابق مسلح جھڑپ میں اعلیٰ کامیابی کے بعد جموں کے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور کسی بھی حملے سے نمٹنے کیلئے فوج و فورسز کو ہائی الرٹ کرنے کے علاوہ سرحدوں پر بھی فورسز کو چوکس کر دیا گیا ہے ۔

Comments are closed.