سرینگر اور کرگل کے بعد جموں میں ’’عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ ‘‘کی پہلی میٹنگ
ضلعی ترقیاتی کونسل انتخابات مشتر کہ طو ر پر لڑیں گے ، امید واروں کا اعلان ڈاکٹر فاروق کرینگے / سجاد غنی لون
بجرنگ دل اور شیو سینا کے کارکنوں کا احتجاج،پتلے نذر آتش ،پولیس نے درجنوں شیو سینا کارکنوں کو لیا حراست میں
سرینگر/07نومبر: سرینگر اور کرگل کے بعد سرمائی دار الحکومت جموں میں سنیچروار کو عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی پہلی میٹنگ ہوئی جس میںکئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ادھر میٹنگ کے بعد ترجمان سجاد غنی لون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میٹنگ میں تمام ممبران نے جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خاتمہ پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ نے فیصلہ لیا ہے کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں ایک ساتھ ملا کر حصہ لیا جائے گا اور ڈاکٹر فاروق عبد اللہ امید واروں کا اعلان کریں گے ۔ادھر جموں پولیس نے سنیچروار کو اس وقت درجنوں شیو سینا کارکنوں کا حراست میں لیا جب انہوں نے بٹھنڈی جموں میں نیشنل کانفرنس کی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر ہو رہی ’’عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ ‘‘ کی میٹنگ کے دوران باہر احتجاجی مظاہرے کئے اور نعرہ باز ی کی ۔۔ سی این آئی کے مطابق سنیچروار کی اعلیٰ صبح جموں میں ڈاکٹر فاروق کی رہائش گاہ پر عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔ جموں سے نمائندے نے اس میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جونہی فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر میٹنگ ہوئی ۔ عوامی اتحاد کے سبھی ممبران اس میٹنگ میں شامل ہیں جو صبح گیارہ بجے شروع ہوگئی۔میٹنگ میں مختلف امورات زیر بحث لائے گئے ہیں جن میں آنے والے ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات بھی شامل ہیں۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی اتحاد کے ترجمان سجاد غنی لون نے کہا کہ قیادت نے جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔لون نے کہا کہ تمام طرز عمل اور نئے انتظامی قواعد پر غور کیا جائے گا اور اتحاد کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ انتخابات میں حصہ لینے والے امید واروں کا اعلان کریں گے ۔ ادھر جونہی میٹنگ شروع ہوئی تو د ائیں بازو کی تنظیم راشٹریہ بجرنگ دل کے کارکنان نے عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔دائیں بازو کے مظاہرین راکیش شرما کی سربراہی میں کراسنگ پوئنٹ پر جمع ہوکر احتجاج کرنے لگے۔پولیس نے مظاہرین کو گھیرے میں لیکر اْن کا مارچ روک لیا جس کے بعد انہوں نے نعرہ بازی کے بیچ پتلہ نذر آتش کیا۔مظاہرین نے عوامی اتحاد کو’’پاکستان و چین‘‘ کا حمایت یافتہ قرار دیا۔اس دوران بٹھنڈی میں جہاں فاروق کی رہائش گاہ پر عوامی اتحاد کی میٹنگ منعقد ہورہی ہے، پولیس کی بھاری جمعیت تعینات کی گئی ہے جنہوں نے گلی کوچوں کو سیل کر رکھا ہے۔ اسی دوران پولیس حرکت میں آتے ہی درجنوں شیو سینا کارکنوں کو حراست میں لیا اور انہیں احتجاج کرنے سے روک دیا ۔ خیال رہے کہ سرینگر اور کرگل میں عوامی اتحاد کی میٹنگوں کے بعد جموں میں میٹنگ کے سلسلے میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق و نائب صدر عمر عبد اللہ کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے لیڈران پہلے ہی جموں پہنچ چکے تھے ۔
Comments are closed.