انڈسٹریل ایریا رنگریٹ میں جنگجوئوں اور فوج کے مابین خونین جھڑپ؛ حزب کا اعلیٰ کمانڈر ڈاکٹر سیف اللہ جاں بحق، ایک زندہ گرفتار
حزب کمانڈر کی ہلاکت فوج وفورسز کیلئے بڑی کامیابی /آئی جی پی کشمیر
سرینگر/یکم نومبر: شہر سرینگر کے مضافاتی علاقہ انڈسٹریل ایریا رنگریٹ میں پولیس فوج اور فورسز کے مشترکہ آپریشن کے دوران حزب المجاہدین کا ایک اعلیٰ کمانڈر جاں بحق ہوا ہے جبکہ اس موقعے پر ایک جنگجو کو مبینہ طور پر زندہ پکڑنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ تاہم طرفین کے مابین شدید گولہ باری میں کسی سرکاری اہلکار کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ پولیس نے جھڑپ میں دو جیش جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوک جنگجوئوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کر لیا گیا ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سرینگر کے مضافاتی علاقہ انڈسٹریل ایریا رنگریٹ روالپورہ سرینگر میں مہلوک حزب کمانڈر ریاض نایکو کا جانشین ڈاکٹر سیف اللہ جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ۔آئی جی پی کشمیر نے جھڑپ میں حزب کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اسکو بڑی کامیابی سے تعبیر کیا۔سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ رنگریٹ روالپورہ علاقے میں حزب کمانڈر اور اس کے ساتھی کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد اتوار کے بعد دوپہر فوج۔سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لیا۔ ذرائع کے مطابق جونہی فوج و فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی تو وہا ں موجود جنگجووں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر اندھا دھند گولیاں چلائی جس کے ساتھ ہی علاقے میں جھڑپ شروع ہوئی۔جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی فوج و فورسز کی اضافی کمک علاقے کی طرف روانہ کی گئی اور جنگجووں کے خلاف آپریشن شروع کر دیاگیا۔ جھڑپ کے دور ان علاقے میں محصور جنگجووں کو خود سپردگی کا بھی موقعہ دیا گیا تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکراادی اورچھاپہ مار ٹیم پر شدید فائرنگ کی۔علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور جب علاقے میں گولیوں کا تبادلہ رک گیا تو جھڑپ کے مقام سے ایک جنگجو کی نعش برآمد کر لہ گی اور ایک کو زندہ گرفتار کیا گیا۔جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجووں کی شناخت حزب کمانڈر ڈاکٹر سیف اللہ کے بطور ہوئی تاہم زندہ گرفتار کئے گئے جنگجو کی فوری طور پر شناخت نہ ہو سکی۔ڈاکٹر سیف اللہ کے بارے میں بتا یا جاتاہے کہ انہوں نے حزب کمانڈر ریاض نائیکو کی ہلاکت کے بعد حزب کی کمان سنبھالی تھی۔آئی جی کشمیر وجے کمار نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں حزب کمانڈر ڈاکٹر سیف اللہ کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ اس کا ساتھی زندہ گرفتار ہوا۔انہوں نے حزب کمانڈر کی ہلاکت فورسز اور جموں وکشمیر پولیس کیلئے بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ حزب کمانڈر انتہائی مطلوب ترین جنگجوؤں میں سے تھا ۔ آئی جی موصوف نے بتایا کہ جھڑپ میں پولیس، فوج یا فورسز کا کوئی بھی اہلکار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا ہے جبکہ کسی بھی طرح کی سولین کلنگ بھی نہیں ہوئی ۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ جنگجو مخالف آپریشن کے دوران ہماری پہلی ترجیح عام لوگوں کے مال و جان کا تحفظ ہوتا ہے ۔
Comments are closed.