فائنانشل کمشنر کے ہاتھوں تجارت پیشہ نوجوانوں اور عورتوں کی سہولیت کیلئے جے کے بینک کی طرف سے مخصوص ڈیسکس کی شروعات

جموں وکشمیر کی معیشت کی بحالی کیلئے بینک کے قرضہ جات 25-26فیصد بڑھنے چاہئے : فائنانشل کمشنر ڈاکٹر ارون کمار مہتا

سرینگر/30ستمبر : جموں و کشمیر بینک نے آج اپنے ہیڈکوارٹر کے آڈیٹوریم میں منعقد ایک تقریب کے دوران تجارت پیشہ نوجوانوں اور عورتوں کی سہولیت کیلئے مخصوص ڈیسکس کا آن لائن افتتاح کیا۔اس موقع پر جموں و کشمیر سرکار کے فائنانشل کمشنر فائنانس ڈاکٹر ارون کمار مہتا ( آئے اے ایس)مہمان خصوصی تھے اور افتتاحی تقریب پر جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر انکے ہمراہ تھے۔یونین ٹریٹری جموں کشمیر کے تمام جے کے بینک زونل آفسوں میں یہ مخصوص ڈیسک یکم اکتوبر2020سے کام کرنا شروع کرینگے۔ کووڈ19ضوابط کے مکمل احترام کے ساتھ تقریب میں بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ سنیل گُپتا اور غلام نبی تیلی کے علاوہ بینک کے تمام پریزیڈنٹ، وائس پریزیڈنٹ اوربینک کے متعدد افسراں شریک رہے۔ اسکے علاوہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموں، کشمیر اور لداخ میں موجود بینک کے گیارہ زونل ہیڈ بھی شامل تقریب تھے۔
واضح رہے کہ ایسے مخصوص ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ جموں کشمیر سرکار کے اُن ہدایت پر کیا جارہا ہے جو یو ٹی جموں وکشمیر کے لفٹنٹ گورنر شری منوج سنہا نے یہاں کی معاشی بحالی کیلئے 1350کروڑ روپے کی باز آبادکاری پیکیج کے اعلان کے دوران کیا تاکہ کو وڈ19سے پیدا کاروباری مشکلات کا بر وقت اور موثر ازالہ ممکن بنایا جاسکے۔ یہ مخصوص ڈیسک ایسے نوجوانوں اور عورتوں کی رہنمائی کرینگے جنہیں مالی ضرورتوں کے حوالے سے دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مہمان خصوصی فائنانشل کمشنرڈاکٹر اورن کمار مہتا نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر یونین ٹریری ٹری میں معاشی صورتحال سے نپٹنا سرکار کے سامنے ایک بڑا چلینج ہے اور اس میں جموں وکشمیر بینک کا رول ایک غیر معمولی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے کے بینک ایک متحرک ادارہ ہے اور اس کے ملازمین نے پچھلے ایک سال کے دوران کافی محنت کی ہے لیکن ہمیں مل جل کر اپنی کوششوں کو دوگنا کرناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بینک کا نظام کار آجکل بالکل شفاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بینک مکمل محفوظ بینک ہے اور سرکار اس بینک کی حمایت میں ہمیشہ کھڑا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر کی معیشت کی بحالی کیلئے بینک کے قرضہ جات موجودہ مالی برس میں 25-26فیصد بڑھنے چاہئے جس کیلئے بغیر گارنٹی قرضوں کو روا رکھنا ہوگا اور کریڈٹ گارنٹی حاصل کرکے بینک اور گاہک دونوں محفوظ رہ سکتے ہیں۔
جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبرنے تحریک شکرانہ پر بولتے ہوئے ڈاکٹر مہتا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے ذریں خیالات سے بینک کی حوصلہ افزائی کی ہے اور انہیں یہ یقین دلایا کہ بینک اپنی حق ادائی بھر پور کریگا۔ چیئرمین نے مزید کہا کہ بینک نے اس مقصد کیلئے جن ڈیسک افسراں کو تعینات کیا ہے انکے نام و مکمل روابط بینک کی ویب سائٹ اور بینک کے سوشل میڈیا صفحوں جیسے فیس بُک، ٹویٹر اور انسٹاگرام پر مہیا رہینگے۔ ایسے مخصوص ڈیسکس کی نگرانی بینک کے کارپوریٹ آفس میں واقع نوڈل آفیسر کرینگے اور خواہش مند تجارت پیشہ نوجوان اور عورتیں اپنے کاروباری مشکلات اور مواقعوں کیلئے انکی رہنمائی کرینگے۔ بینک کے صدر دفتر میں تعینات نوڈل افسراں زونل آفسوں کے رابطے میں رہ کر نوجوانوں اور عورتوں کی صحیح کونسلنگ کرکے انہیں در پیش مشکلات کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے اور انہیں آسان طریقوں سے قرضوں کی فراہمی میں مدد کرینگے۔دوران تقریب بینک کے وائس پریزیڈنٹ راکیش کول نے پاور پوائنٹ پریزن ٹیشن کے ذریعے نوجوانوں اور عورتوں کیلئے فائدہ مند بینک کی مختلف اسکیموں کا خاکہ پیش کیا۔

Comments are closed.