حکومت ہند لداخ میں جامع اور ہمہ جہت ترقی کے لیے پرعزم : نرملا سیتا رمن

سری نگر،15 جون

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اپنے تین روزہ دورۂ لداخ کے دوران اتوار کو لیہ میں مقامی خود روزگار گروپس اور مقامی کاروباری افراد کی جانب سے منعقدہ ہینڈی کرافٹس اور ہینڈلوم مصنوعات کی نمائش کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہند لداخ میں ہر شعبے میں جامع اور ہمہ جہت ترقی کے لیے پرعزم ہے تاکہ علاقے کی جغرافیائی اہمیت، ثقافتی ورثے اور عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر محترمہ سیتا رمن نے دستکاروں، خواتین کی قیادت میں چلنے والے (ایس ایچ جی ایس) اور روایتی ہنر، ہینڈلوم ٹیکسٹائل اور پائیدار اختراعات کی نمائندگی کرنے والے مقامی کاروباری افراد سے براہ راست بات چیت کی۔

انہوں نے وزیر اعظم مدرا یوجنا (پی ایم مدرا یوجنا) کی ایک مستفید خاتون، محترمہ رنچن ڈولما سے ملاقات کی، ان کی کامیابیوں کو سراہا اور انہیں مدرا اسکیم کے اگلے مرحلے میں داخل ہو کر اپنے کاروبار کو وسعت دینے کی ترغیب دی۔

نرملا سیتا رمن نے اس موقع پر لیہ میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا ورچوئلی افتتاح بھی کیا، جن میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، مالی شمولیت، اور مقامی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند لداخ میں جامع ترقی کے لیے پرعزم ہے اور ہر طبقے تک ترقی کا فائدہ پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے۔

نمائش کے دوران انہوں نے مرکز کے زیر انتظام خطے لداخ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے بھی ملاقات کی اور جاری ترقیاتی کاموں، مالی منصوبوں اور عوامی بہبود کی اسکیموں پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ دورہ وزیر خزانہ کے اُس وسیع ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد لداخ میں اقتصادی ترقی، مالی شمولیت اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

Comments are closed.