حکومت جموں و کشمیر کو امن اور بھائی چارے کے ساتھ آگے لے جانے کے لئے کوشاں:ستیش شرما

سری نگر، 15 جون

وزیر برائے یوتھ سروس اینڈ اسپورٹس ستیش شرما کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوششوں کا مقصد جموں و کشمیر کو امن، بھائی چارے اور خوشحالی کے ساتھ آگے لے جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں خطے کے لوگ بہت مشکلات سے گزرے ہیں اور اب ایک ساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے۔

وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں ایک تقریب میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا ’ پرامن اور متحد معاشرے کی تعمیر میں ہر فرد اور ادارے کا کردار ہے،ہم سب کو اکٹھے ہونے اور ایک واضح پیغام دینے کی ضرورت ہے۔‘

ان کا کہنا تھا ’ہم امن اور ہم آہنگی کے لیے ہیں، جو لوگ بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں وہی دہشت گردی کی پشت پناہی کرتے ہیں اور ان سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔‘

مسٹر شرما نے کہا ’عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت نے ہمیشہ اتحاد اور ترقی کے جذبے کے ساتھ کام کیا ہے اور ہم اسی جذبے کے ساتھ جموں و کشمیر کو آگے لے جانے کے لئے کوشاں ہیں۔‘

نوجوانوں کو در پیش مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’منشیات اور موبائل فون کا زیادہ استعمال نوجوانوں میں بڑھ رہے مسائل میں سے ہیں، امید ہے کہ نوجوان منشیات سے دور رہ کر فٹنس پر توجہ مرکوز کریں گے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ منشیات ہمارے معاشرے کو در پیش سب سے بڑا چیلنج ہے۔

وزیرموصوف نے خطے میں حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ ان لمحات میں بھی متحد رہے۔

انہوں نے کہا ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ خطے کا کوئی بھی حصہ، گلمرگ، پہلگام سے لے کر ویشنو دیوی تک، لوگ ایک کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اتحاد سے ہندوستان کے ایک خاندان کے تصور کو تقویت ملتی ہے۔

Comments are closed.