فوج کی شمالی کمان کے سربراہ کی لیفٹنٹ گورنر کیساتھ میٹنگ

جموں وکشمیرکی مجموعی سیکورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال

سری نگر:۵،اگست:فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل وائے کے جوشی نے بدھ کے روز یہاں راج بھون میں لیفٹنٹ گورنرگریش چندرمرمو کیساتھ اہم ملاقات کی ،جس دوران جموں وکشمیرکی مجموعی سیکورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔جے کے این ایس کے مطابق میٹنگ کے دوران فوج کے اعلیٰ کمانڈر نے لیفٹنٹ گورنرکوبتایاکہ جموں وکشمیر میں امن وقانون کی صورتحال میں تیزی کیساتھ بہتری آرہی ہے ،کیونکہ فوج نے دیگرسیکورٹی ایجنسیوں کیساتھ ملکر جنگجوئیت کے خاتمے اوربحالی امن کے حوالے سے کامیاب کارروائیاں انجا م دی ہیں۔لیفٹنٹ جنرل وائے کے جوشی کافوج کی پندرہویں کورکے سربراہ لیفٹنٹ جنرل بی ایس راجو کی موجودگی میں کہناتھاکہ جنگجومخالف آپریشن کوکامیابی کیساتھ جاری رکھنے کیساتھ ساتھ فوج سرحدپا رسے کی جانے والی دراندازی کی کوششوں کوناکام بنانے کیلئے بھی پوری طرح سے چوکنا ہے ۔انہوں نے لیفٹنٹ گورنر کومجموعی سیکورٹی صورتحال اورفوج کی جانب سے اندرون جموں وکشمیر اورلائن آف کنٹرول پر انجام دی جانے والی کارروائیوں اوراقدامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔میٹنگ کے دوران لیفٹنٹ گورنرگریش چندرمرمونے فوج کے اعلیٰ کمانڈر کوبتایاکہ سیکورٹی ایجنسیوں کوہمہ وقت چوکنا رہناچاہئے ،کیونکہ سرحدپار بیٹھے لوگ امن وقانون کی صورتحال کوبگاڑنے کے طاق میں رہتے ہیں ۔انہوں نے جنگجومخالف کارروائیوں میں فوج اوردیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں امن وقانون کی صورتحال کیساتھ ساتھ ہم آہنگی کوقائم رکھنے میں بھی سیکورٹی فورسزکارول ناقابل فراموش ہے ۔ لیفٹنٹ گورنر کامزیدکہناتھاکہ کووڈ19کی روکتھام کیلئے بھی فوج اوردوسری سیکورٹی ایجنسیاں اہم کردارنبھارہی ہیں ۔

Comments are closed.