اُستاد کے ذریعے نصیحت کرواناطالب علم کوناگوار گزرا؛گھرسے بھاگ گیا،پٹن پولیس نے کیا جموں سے بازیاب

سری نگر :۴،اگست: والدین کی جانب سے استاد کے ذریعے نصیحت کروانانابالغ طالب علم کواتناناگوار گزراکہ وہ گھرسے ہی بھاگ گیا۔والدین اپنے بچوں کی غلط حرکات اور پڑھائی کی طرف توجہ نہ دینے پر اُستاد کو مطلع کرکے اپنے بچے کی اصلاح اور نصیحت کراتے ہیں۔ مگر کھبی کبھار والدین کیلئے اپنے بچوں کی اُستاد کے ذریعہ نصیحت کروانی پریشانی کا سبب بن جاتی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق ایسا ہی ایک واقعہ شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں پیش آیا ، جہاں والدین نے اپنے بچے کو غلط حرکات سے باز رہنے ، پڑھائی کی طرف دھیان دینے کیلئے درس گاہ میں استاد کے ذریعہ سے نصیحت کروائی ، لیکن طالب علم کو استاد کی نصیحت ناگوار گزری اور درس گاہ سے چھٹی ہوتے ہی گھر سے فرار ہوگیا۔ ڈانگر پورہ پٹن کے ساتویں جماعت میں زیرتعلیم14سالہ طالب علم درس گاہ سے چھٹی ملتے ہی گھر پہنچا اور گھر سے ایک تھیلہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔معلوم ہواکہ اتنا ہی نہیں 14سالہ لڑکااپنے والد کی جمع پونجی بھی لے گیا اور گھر سے فرار ہوکر پہلے سرینگر پہنچا اور پھر وہاں سے ایک نجی گاڑی کے ذریعہ 300کلو میٹر دور جموں پہنچ گیا۔ لڑکے کے والدین نے بتایا کہ ان کا بیٹا درس گاہ سے واپس لوٹ کر گھر آیا اور پھر کچھ بتائے بغیر ہی نکل گیا۔ شام کوجب وہ واپس ہی نہیں آیا تو وہ پریشان ہوکر ہاتھ ملتے رہ گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے بیٹے نے اپنا ذاتی فون بھی گھر پر ہی چھوڑدیا تھا ، جس سے اُنہیں یقین ہوا کہ وہ فرار ہوگیا ہے۔ جب اس کم عمرلڑکے کے لاپتہ ہونے کی خبر علاقے میں پھیلی تو سب اس کی تلاش میں نکل پڑے۔ کئی روز تک اس کی تلاش کی گئی ، لیکن کوئی سراغ ہاتھ نہیں لگا۔والدین نے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں اپنے کم عمر بیٹے کی پُر اسرار کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔پٹن پولیس نے اپنا نیٹ ورک متحرک کیا اور میڈیا پر بھی اس لڑکے کے لاپتہ ہونے کی خبریں نشر ہوئی۔ کئی روز کی تلاش کے بعد بالآخر جموں میں یہ لڑکا پولیس کے ہاتھ لگا۔ جموں سے پھر اس کو اپنے گھر پہنچایا گیا۔اورضروری پوچھ تاچھ ولوازمات کے بعدگھرسے فرارہوئے چودہ سالہ لڑکے کونصیحت کیساتھ والدین کے سپردکیاگیا۔

Comments are closed.