بانڈی پورہ میں 2نوعمر لڑکے نالہ مدھومتی میں ڈوب گئے؛ایک جاں بحق ،دوسرا لڑکا سری نگر منتقل:میڈیکل سپرانٹنڈنٹ

بانڈی پورہ :۴،اگست:شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے کلوسہ علاقہ میں منگل کے روزاُسوقت تشویش اورغم واندوہ کی لہردوڑ گئی ،جب یہاں گرمی سے راحت پانے کیلئے نالہ مدھو متی میں نہانے کیلئے گئے 2نوعمر لڑکے ڈوب گئے ۔جے کے این ایس کومعلوم ہواکہ سخت گرمی سے کچھ راحت پانے کیلئے 15سالہ سمین شبیر ولد شبیر احمدگنائی اور16سالہ فرودس احمد ساکنان نوپورہ کلوسہ بانڈی پورہ منگل کے روز نالہ مدھومتی میں نہانے کیلئے چلے گئے ۔دونوں نوعمر لڑکے نہانے کے دوران نالے میں ڈوب گئے اورپانی کاتیز بہاﺅ دونوں کواپنے ساتھ دورتک لے گیا،اس دوران یہاں کہرام مچ گیا اورمقامی نوجوانوں نے پولیس کی مددسے فوری بچاﺅ کارروائی عمل میں لاکر غرقآب ہوئے دونوں نوعمر لڑکوں کونالے سے برآمد کرکے فوری طورپرڈسٹرکٹ اسپتال بانڈی پورہ پہنچایاتاہم یہاں موجودڈاکٹروں نے ابتدائی طبی معائنہ کے بعدایک لڑکے سمین شبیر کومردہ قراردے دیا جبکہ دوسرے لڑکے کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع اسپتال بانڈی پورہ، ڈاکٹر بشیر احمد تیلی کے مطابق دو بچوں کو اسپتال پہنچایا گیا جو غرقآب ہوئے تھے۔ ان میں ایک اسپتال پہنچنے کے وقت ہی مردہ تھا جبکہ دوسرے کو سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔غورطلب ہے کہ گزشتہ دنوں ہی ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے ایک لڑکے کے غرقآب ہوجانے کے بعدنالہ مدھومتی میں نہانے پرپابندی عائد کردی تھی ۔

Comments are closed.