کولگام میں نقب زنی کے بڑھتے واقعات ، لوگوں میں تشویش

رات کی تاریکی میں گائوخانوں پر دھائوا بول کر نقب زنوں نے سات مویشی اڑا لئے

سرینگر/9جولائی: کورنا وائرس کے بیچ جنوبی کشمیر میں نقب زنی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر لوگوں میں غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے جبکہ گزشتہ شب کولگام میں نقب زنوں نے گائو خانوںپر دھائوا بول کر 7مویشی اڑا لیں ۔ سی این آئی کو اس ضمن میں نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی ضلع کولگام کے درجنوں علاقوں میں نقب زنی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر لوگوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے ۔ نمائندے کے مطابق نقب زنوں نے گزشتہ شب سامنو علاقے میں گائو خانوں پر دھائوا بول کروہاں سے سات مویشیوں کو اڑا لیا اور فرار ہو گئے ۔ نقب زنی کے بڑھتے واقعات پر مقامی لوگوں نے شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ چوری کی وارداتوں پر روک لگانے کیلئے متعلقہ حکام مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں کیونکہ ضلع کے درجنوں علاقوں میںاس سے قبل بھی چوری کے واقعات پیش آئے اور آج تک ان میںملوث افراد کی گرفتاری عمل میں نہیںلائی گئی جبکہ نہ ہی کوئی اقدامات اٹھائے جاتے ہیں تاکہ نقب زنی کے واقعات میں روکتھام لگائی جائے ، مقامی لوگوںنے ایک مرتبہ پھر ضلع انتظامیہ اور پولیس سے اپیل کی ہے کہ نقب زنی کے وارداتوں پر روکتھام کیلئے عملے کو متحرک کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہو ۔

Comments are closed.