سنڈے مارکیٹ گرینیڈ حملہ: این آئی اے نے تین دہشت گردوں کے خلاف فردِ جرم عائد کی
سری نگر،3مئی
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے 2024 کے سری نگر سنڈے مارکیٹ گرینیڈ حملے کے معاملے میں تین ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ اس دہشت گردانہ حملے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ کئی عام شہری زخمی ہو گئے تھے۔
این آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق کالعدم شدت پسند تنظیم ’داعش/آئی ایس جے کے‘ سے ہے۔
ترجمان کے مطابق، این آئی اے نے جن تین افراد کو چارج شیٹ کیا ہے اُن میں شیخ اسامہ یاسین، عمر فیاض شیخ اور افنان منصور نائیک شامل ہیں۔ ان پر انسدادِ غیر قانونی سرگرمیاں قانون (یو اے پی اے) 1967، ایکسپلوسو سبسٹینسز ایکٹ، اور بھارتی نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اسامہ اور عمر کو حملے کے صرف چار دن بعد 7 نومبر 2024 کو گرفتار کیا گیا، جبکہ افنان منصور کو اگلے روز، 8 نومبر کو، سازش میں اس کے سرگرم کردار کے سبب حراست میں لیا گیا۔ این آئی اے کے مطابق یہ حملہ جموں وکشمیر میں خوف و دہشت پھیلانے اور عوامی نظم و نسق درہم برہم کرنے کی منظم کوشش کا حصہ تھا۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ اس دہشت گردانہ کارروائی کے پیچھے سرحد پار موجود عناصر کی حمایت حاصل تھی۔ این آئی اے نے بتایا کہ تینوں افراد نے حملے کی منصوبہ بندی، سازش اور عمل درآمد مشترکہ طور پر کیا، جس کا مقصد نہ صرف شہریوں کو نشانہ بنانا تھا بلکہ سیکیورٹی فورسز کو بھی پیغام دینا تھا۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ اس حملے میں ملوث دیگر عناصر اور ممکنہ دہشت گرد نیٹ ورکس کی شناخت کے لیے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔
این آئی اے کے ایک افسر کے مطابق، ’یہ حملہ محض ایک واردات نہیں، بلکہ ایک منظم سازش کا حصہ تھا، جس کے ذریعے وادی کشمیر میں خوف، افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔‘
Comments are closed.