پہلگام حملے کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا: سنیل شرما

سری نگر،3مئی

بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما نے ہفتے کے روز کہا کہ 22 اپریل کو پہلگام میں پیش آئے دہشت گرد حملے کے ذمہ داروں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی جنہوں نے نہ صرف معصوم سیاحوں کو نشانہ بنایا بلکہ انسانیت کی توہین کی ہے۔

ان باتوں کا اظہار موصوف نے بانڈی پورہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا، ’یہ بھارت کی تاریخ کا پہلا ایسا واقعہ ہے جس میں سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سیاحت کشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور اس واقعے کے بعد ملک بھر کے سیاح خوف و ہراس کا شکار ہو چکے ہیں۔‘

سنیل شرما نے متاثرین کے قتل کے طریقہ کار کو سفاکانہ قرار دیتے ہوئے کہا، ’بیوی کے سامنے شوہر کو گولی مارنا، باپ کو بیٹے کے سامنے قتل کرنا انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے اس حملے کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے واضح کر دیا ہے کہ پہلگام حملے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی۔ جو بھی ایسے واقعات کو دہرانے کی کوشش کرے گا، وہ بھی ویسی ہی سزا پائے گا، یہ ہمارا عہد ہے۔
سنیل شرما نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے حالیہ بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے کیونکہ وہ ہمیشہ غیر مستقل موقف اختیار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی وہ چین، کبھی پاکستان اور کبھی پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کی زبان بولتے ہیں۔ انہوں نے یہاں تک کہا تھا کہ نریندر مودی کو دفعہ 370 کو ہٹانے کے لیے دس جنم لینے پڑیں گے۔ آج وہ پاکستان کو سبق سکھانے کی بات کر رہے ہیں۔ اگر انہوں نے واقعی ایسا موقف اختیار کیا ہے تو انہیں اس پر قائم رہنا چاہیے۔

Comments are closed.