سرکار ملازمین کے صبر کا امتحان نہ لیں؛فیئر پرائس شاپ ڈیلروں ، محنت کشوں اور ڈیلی ویجروں کو فی الفور مستقل کریں/اعجاز خان
سرینگر/ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹوکمیٹی اور سی اے پی ڈی ایمپلائز ایسو سی ایشن کشمیر کے صدر اعجاز خان نے سرکار کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے صبر کا باندھ ٹوٹنے والا ہے لہٰذا سرکار ملازمین کے طاقت کا امتحان نہ لیں اور فیئر پرائس شاپ ڈیلروں ، محنت کشوں اور ڈیلی ویجروں کو فوری طور مستقل کریں ۔ اعجاز خان نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو سرکار سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کر رہی ہے کیونکہ دانستہ طور ملازمین کے درپیش مسائل کو التواء میں رکھ رہے ہیں۔ ای جے سی سی کے چیئرمین اعجاز خان نے کہا کہ مختلف محکموں کے ڈیلی ویجروں ، فئیر پرائس شاپ ڈیلروں اور محنت کشوں کو اپنے مطالبات اور مسائل کو لے کر آئے روز سڑکوں پر نکل آتے ہیں تاہم سرکار کے کانوں تک جوں تک نہیں رینگتی ہے اور اب اگر ٹریڈ یونین لیڈران ان زیادتیوں کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرتے ہیں تو اپنے جیل خانوں کی زینت بنایا جاتاہے ۔ اس حوالے سے 8 جولائی کو ریاست کے سینئر ٹریڈ یونین لیڈران جن میں شیخ اعجاز مخدومی ذلقرنین بٹ اور عبدالرشید نجار نے زیادتیوں کے خلاف اور محکمہ بجلی کی نج کاری اور ان بڈلنگ کے خلاف سرینگر کے سیول سیکریٹریٹ کے باہر دھرنے پر بیٹھے تو اسی وقت پولیس نے انہیں گرفتار کیا اور تھانہ شہید گنج میں دن بھر بند رکھا اور تقریباً پورا دن بند رکھنے کے بعد انہیں شام کو رہا کیاگیا اور اس گرفتاری کے خلاف ای جے سی سی نے سخت ناراضگی اور مایوسی کا اظہار کیا اور ایڈمنسٹریشن کی اس کارروائی کی مذمت کی ۔ اس حوالے سے ریاست کے مایہ ناز لیڈر اور بے باک ترجمان اعجاز خان نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ ملازمین کی جائز مانگوں کو پورا کریں ورنہ ریاست کے سبھی ملازمین سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں گے ۔
Comments are closed.